Friday, 29 November 2024


پاکستانی ویمنز ٹیم ناکامیوں کی دلدل سے نکل نہیں پائی

ایمزٹی وی(کھیل)  دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی ویمنز ٹیم ناکامیوں کی دلدل سے نکل نہیں پائی، میزبان ٹیم نے ٹوئنٹی 20 سیریز کے ابتدائی معرکے میں 68 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کا شکار ہونے والی پاکستان ویمنز ٹیم ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں بھی ناکامیوں سے دامن نہیں چھڑاسکی، برسٹول میںکھیلے جانے والے پہلے ٹوئنٹی 20میں گرین شرٹس کو 20 اوورز میں 188 رنز کا ہدف ملا مگر 56 رنز پر 4 وکٹیں کھونے کے بعد اس کی تمام امیدیں ٹوٹ گئیں۔ بسمہ معروف 19، جویریہ خان 14، سدرہ امین 9 اور سدرہ نواز صرف 4 رنز بناکر آئوٹ ہوگئیں، نین عابدی اور اسماویہ اقبال نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی مگر 98 کے مجموعے پر یہ جوڑی ٹوٹ گئی جبکہ احتیاط سے کھیلنے کی کوشش میں مطلوبہ رن ریٹ پہلے ہی ہاتھ سے نکل چکا تھا، نین عابدی 24 رنز پر آئوٹ ہوئیں جبکہ آخری اوور کی تیسری گیند پر اسماویہ بھی 35 رنز پر آئوٹ ہوگئیں، اس طرح 7 وکٹ پر 119 رنز بن پائے۔ ڈینیلی، اسکیور اور جینی نے2,2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے پہلے انگلینڈ نے 5 وکٹ پر 187 رنز بنائے، لورین ونفیلڈ اور ٹیمی بیمونٹ نے ٹیم کو 147 رنز کی بنیاد فراہم کی، ٹیمی 53 بالز پر 2 چھکوں اور10 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں، لورین نے 74 رنز بنائے۔

Share this article

Leave a comment