Thursday, 28 November 2024


عالمی کتب میلے کا آغاز 18 دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں ہوگا، 350اسٹالز بک

ایمزٹی وی (کراچی) (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں علمی کتب میلے کا آغاز 18 دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں ہوگا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔  پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عزیز خالد کے مطابق 350 اسٹالز بک کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کتب میلے کو 10 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس کتب میلے کی بنیاد 2005ء میں رکھی گئی تھی اور اس بار پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت دسواں سالانہ بین الاقوامی کراچی کتب میلہ 18 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ پانچ روزہ کتب میلہ 22 دسمبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گا یہ کتب میلہ بیک وقت ایکسپو سینٹر کے تین ہالز میں جاری رہے گا جس کیلئے اس بار ریکارڈ پبلشرز اور بک سیلرز نے 350 اسٹالز بک کرا لئے ہیں جبکہ مزید اسٹالز کی بکنگ جاری ہے۔ کتب میلے میں گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی بھارت، ایران، ملائیشیا، سنگاپور، ترکی کے علاوہ برطانیہ کے پبلشرز اور ان کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت کتب میلے کا شروع کیا گیا یہ سفر اپنے دس سال پورے کر رہا ہے اور دسویں کتب میلے کا افتتاح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کریں گے جبکہ صوبائی وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑو مہمان اعزازی کے طور پر شریک ہوں گے۔ کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 18 دسمبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی جس کے بعد بین الاقوامی کراچی کتب میلے کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ عزیز خالد نے بتایا کہ صرف بھارت سے18 پبلشرز کی کتب میلے میں شرکت متوقع ہے اور ان میں سے اکثر کے اسٹالز ایکسپو سینٹر میں بک کر لئے گئے ہیں جبکہ ایران سے بھی 10 پبلشرز آ رہے ہیں۔

Share this article

Leave a comment