Friday, 29 November 2024


کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے مدنظرپی سی بی نےبلٹ پروف بسیں خرید لیں

ایمزٹی وی(کھیل) پی سی بی نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے 4بلٹ پروف بسیں خرید لیں،ملکی اورغیرملکی کرکٹرزکو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلیے 6 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے،ڈرائیورز کو اسلحہ چلانے کی تربیت بھی دی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کی بس پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد 2009 سے ملکی میدان ویران ہیں، گذشتہ سال مئی میں زمبابوے کے دورے نے جمود تو توڑ دیا لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ابھی مزید اقدامات اٹھانا باقی ہیں، ایک قدم مزید اٹھاتے ہوئے پی سی بی نے 6 کروڑ کی لاگت سے 4بلٹ پروف گاڑیاں خرید لی ہیں غیرملکی کرکٹرزکیساتھ قومی کھلاڑیوں کی آمدو رفت کیلیے بھی یہیں بسیں استعمال ہونگی، پی سی بی ذرائع کے مطابق ان گاڑیوں کے ڈرائیورز کو اسلحہ چلانے کی تربیت بھی دی جائیگی،ایک بلٹ پروف گاڑی کراچی بھیجی جائیگی۔ بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے کیلیے کوششوں کو تیز کیا جارہا ہے، قومی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد و رفت کیلیے انہی گاڑیوں کو استعمال کیا جائیگا۔ پی سی بی کسی کو دورے کی دعوت دینے سے قبل بہترین انتظامات کرنے کا خواہاں ہے، یہ سہولت حاصل ہونے کے بعد ٹیموں کو پاکستان آنے کیلیے قائل کرنے میں آسانی ہوگی،پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔غیر ملکی کھلاڑیوں کو قائل کرنے کیلیے مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرانا ہوگی، بلٹ پروف بسوں کی موجودگی میں بورڈ کاکیس مضبوط ہوجائیگا۔ یاد رہے سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں 2012میں سامنے آنے والی تجویز پر پیش رفت ممکن نہیں ہوسکی تھی، تاہم گذشتہ سال اس کی منظوری دیے جانے کے بعد اب منصوبے پر عمل درآمد بھی ہوگیا ہے۔

Share this article

Leave a comment