Friday, 29 November 2024


9 لاکھ ٹن سے زائدگندم کی برآمد

ایمزٹی وی(بزنس)حکومت کی ثالثی کے نتیجے میں سندھ اور پنجاب ضرورت سے 9 لاکھ ٹن زائدگندم کی برآمد پر رضامند ہو گئے، پنجاب 6 لاکھ جبکہ سندھ 3 لاکھ ٹن سرپلس گندم برآمد کرے گا، وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی آئندہ 2روز میں گندم ایکسپورٹ کی سفارشات پر مبنی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کرے گی جو حتمی منظوری دے گی جبکہ ایکسپورٹ کا عمل نومبر کے اختتام تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی عابد سعید کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب اور سندھ کے سیکریٹری فوڈ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ سیکریٹری فوڈ پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خان نے پنجاب کا موقف ٹھوس انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس 60 لاکھ ٹن سے زائد گندم موجود ہے جس کی مقامی مارکیٹ میں مکمل نکاسی ممکن نہیں ہے اس لیے فوری ایکسپورٹ لازم ہے۔ محکمہ خوراک سندھ کے سیکریٹری نے بھی ایکسپورٹ کی حمایت کر دی۔ وفاقی سیکریٹری نے گندم ایکسپورٹ پر دی جانے والی ری بیٹ 90 ڈالر کو بڑھا کر115 ڈالر کرنے کی تجویز دی جس پر دونوں صوبوں کے حکام نے کہا کہ وفاق نے کچھ عرصہ قبل ری بیٹ 120 ڈالر مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا تھا لہٰذا اسے ہی برقرار رکھا جائے۔ذرائع کے مطابق اضافی 30 ڈالر کی ری بیٹ میں صوبے اور وفاق کا حصہ کیا ہو گا، اس کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی، ایکسپورٹر کو معاہدے کے بعد گندم ایکسپورٹ کرنے کی مہلت 30 یوم سے بڑھا کر 60 یوم کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے جبکہ ایکسپورٹ کا عمل نومبر تک جاری رہے گا جسے بوقت ضرورت مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

Share this article

Leave a comment