Friday, 29 November 2024

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے طلباوطالبات سے پڑھائی پر توجہ دینے کی درخواست کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر شفقت محمود نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناوائرس میں تیزی سےاضافے کے باعث ہمیں تعلیمی اداروں نہ چاہتے ہوئے بند کرنا پڑا کیونکہ یہ فیصلہ بہت مشکل تھا۔انہوں نےاپنے ٹوئیٹ میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری تمام طلباء سے گزارش ہے کہ وہ اس بار تعلیمی اداروں کی بندش کوچھٹی کی طرح استعمال نہ کریں بلکہ اپنے نصاب پر نظر ثانی کریں ، ہوم ورک کریں ، مختصر یہ کہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ جاری رکھیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی نصیر سومرو کو امداد فراہم کر دی گئی، صحت کارڈ بھی دیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے طویل القامت پاکستانی شہری نصیر سومرو کی رہایش گاہ جا کر انھیں امدادی چیک دیا۔

شکارپور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طویل القامت شخصیت نصیر سومرو اس وقت شدید علیل ہیں، انھوں نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی تھی۔

سربراہ بیت المال سندھ نے نصیر سومرو کو ان کی رہایش گاہ پر 1 لاکھ 20 ہزار کا چیک پیش کیا، حنید لاکھانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نصیر سومرو پاکستان کا اثاثہ اور ملک کے سفیر ہیں، انھیں جلد صحت کارڈ بھی دیا جائے گا، نصیر سومرو پاکستان کے سفیر ہیں۔

سربراہ بیت المال سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی نصیر سومرو کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے، بیت المال کی ٹیم نصیر سومرو سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے سب سے طویل القامت شہری نصیر سومرو شدید علیل ہیں، ایک سال قبل بھی ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی، جس پر انھوں نے علاج کے لیے مدد کی اپیل کی تھی۔ گزشتہ برس جولائی میں نصیر سومرو کے انتقال کی افواہ بھی اڑی تھی، بعد ازاں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اس کی تردید کی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مسلسل کیسز سامنے آنے کے باوجود کیمبرج امتحانی بورڈ نے ملک میں ”اے اور او لیول“ کے سالانہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہی لینے کااعلان کیا ہے۔
 
اس سلسلے میں ”کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن “ کی پاکستان کی ڈائریکٹرعظمیٰ یوسف نے”ایکسپریس“ کو بھجوائے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم پاکستان میں اسکولوں کی بندش کے حکومتی اعلان سے آگاہ ہیں اوراس سلسلے میں متعلقہ حکومتی اتھارٹیزسے صورتحال کوسمجھنے کے لیے رابطے میں بھی ہیں تاکہ وہ طلبہ کی امتحانات میں شرکت کے نتیجے میں مضمرات سمجھا جاسکے۔
 
اپنے بیان میں عظمیٰ یوسف کاکہناتھاکہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ دنیاکے بہت سے دیگرممالک اسکولوں کی بندش کے یہ حالات دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ کیمبرج امتحانات کاانٹرنیشنل ٹائم ٹیبل 18ماہ کے عرصے کے لیے بنایا جاتاہے لہذاہم اسے تبدیل کرنے سے قاصرہیں تاہم ہم پوری دنیامیں طلبہ، والدین اوراسکولوں کودرپیش اس چیلنج سے نمٹنے میں ان کے معترف ہیں اورایسے طلبہ جواپنے کچھ یاتمام پرچے نہ دے سکیں ان طلبہ کے ساتھ تعاون کے طریقہ کارپرکام کررہے ہیں۔
 
یاد رہے کہ کیمبرج امتحانی بورڈ کی جانب سے ”اے اوراولیول“ کے امتحانات ملتوی نہ کرنے کامذکورہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیاہے کہ جب پاکستان میں کورونا وائرس کے 29 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے محض 17 کیسز کاتعلق سندھ سے ہے وفاقی حکومت 5 اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند کرچکی ہے جب کہ حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے (اسکول،کالج اورجامعات) 31مئی تک بند کردی ہیں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ ملک بھرکے مدارس بھی بند کیے جاچکے ہیں۔
 
 
پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وکٹ سوچ سے زیادہ اسپن بولر کو سپورٹ کررہی تھی، سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی۔
 
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، لاہور کے اوورسیز کھلاڑی بہت زبردست ہیں، ناک آؤٹ میں اب ایک ہی موقع ملے گا، اصل مزہ شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے میں آتا ہے۔
 
عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل نے عرصے بعد کم بیک کیا، اب وہ تیار ہیں، شرجیل کو اسی لیے ڈراپ نہیں کرتا کیونکہ وہ اچھا کھلاڑی ہے، پریکٹس میچز میں شرجیل کی سوچ اور گیم سمجھ آگئی تھی، امید ہے شرجیل سیمی فائنل اور آگے بھی اچھی اننگز کھیلے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹیں شروع میں بڑے اسکور والی ثابت ہوئیں، اب جو وکٹیں مل رہی ہیں اس میں اسکور کم مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے، لگتا یہی ہے لاہور میں وکٹیں فلیٹ تیار کی جائیں گی۔
 
 
پی ایس ایل فائیو کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، اسلام آباد یونائیٹڈ ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہوگئی۔
 
کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 137 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شرجیل خان نے 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
 
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 60 رنز پر گری جب شرجیل خان 37 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، شرجیل کی اننگز میں 4 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
 
بابر اعظم 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کیمرون ڈیلپورٹ کو 11 رنز پر شاداب خان نے بولڈ کیا، کپتان عماد وسیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
 
افتخار احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، والٹن 11 رنز بنا کر رومن رئیس کا شکار بنے، کرس جارڈن 6 اور عمید آصف 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رومن رئیس اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیاتھا۔
 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری، اوپنر رضوان حسین 17 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر والٹن کو کیچ دے بیٹھے۔
 
فل سالٹ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت نے 37 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر ارشد اقبال کا نشانہ بنے۔
 
کولن انگرام 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، آصف علی 2 رنز بنا کر جارڈن کی گیند پر اسامہ میر کو کیچ دے بیٹھے۔
 
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جارڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 
 
امریکی حکومت اور سائنس دانوں کی جاری کردہ مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کھلی ہوا میں گھنٹوں اور کسی شے کی سطح پر دو سے تین دن تک زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
 
امریکی حکومت اور سائنسی ماہرین نے کرونا وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے تحقیقی مطالعہ کیا جس کے دوران متاثرہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے اور نتائج کی روشنی میں رپورٹ مرتب کی۔
 
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کھلی فضا میں کئی گھنٹوں تک زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی طرح ہوا سے آلودہ ہونے والی کسی بھی شے پر دو تین روز تک موجود رہتا ہے۔رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس ایک انسان سے دوسرے کو منتقل ہوتا ہے۔
 
ماہرین نے تحقیق کے دوران متاثرہ افراد کے زیر استعمال نیبولائزر سے نمونے حاصل کر کے انہیں فضا میں چھوڑا، جس سے یہ معلوم ہوا کہ تین گھنٹے تک وائرس ہوا میں موجود رہا اور پھر خود ختم ہوگیا۔
 
 
آسٹریلیا کے تین سائنس دانوں نے وبائی مرض کروناوائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کردیا۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تینوں آسٹریلوی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ویکسین تیار کرلی ہے تاہم اسپتالوں میں اس کے استعمال کے لیے ابھی مزید کچھ مہینے درکار ہیں۔
 
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ے کہ آسٹریلیا میں قائم ’’یونیورسٹی آف کوئنس لینڈ‘‘ میں مذکورہ ویکسین کا ٹرائل کیا جائے گا۔ آئندہ چند مہیوں میں ٹرائل کے بعد سال کے اختتام پر ویکسین اسپتالوں میں استعمال کی جاسکے گی۔
 
ویکسین کی تیاری میں تقریباً 20 سے 30 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوئی۔
 
 
ڈاکٹر کیتھ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے دو سائنس دان ساتھیوں(پاؤل ینگ، ٹرینٹ منرو) کی مدد سے کروناوائرس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کی ہے، مذکورہ ویکسین کی تیاری کا آغاز رواں سال کے آغاز سے ہی کردیا گیا تھا۔
 
دوسری جانب برطانوی سائنسدانوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ کررونا وائرس کی ویکسین تیاری کے آخری مراحلے میں ہے، جون تک ویکسین عوام کے لیے تیار ہوجائے گی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس گرمی کی شدت سے ختم ہونے کی بات بے بنیاد ہے۔
 
ترجمان این ڈی ایم اے کے ترجمان آصف محمود نے ہفتے کے روز کرونا وائرس سے متعلق اعلامیہ جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ وائرس سے اموات کی شرح تو نہیں بڑی البتہ یہ تیزی سے پھیلتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں خطرے کا سامنا ہے۔
 
آصف محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں یہ بات عام ہے کہ گرمی شروع ہونے کے بعد وائرس کا زور ٹوٹ جائے گا اور یہ ختم ہوجائے گا، یہ بات بالکل بے بنیاد ہے۔
 
 
اُن کا کہنا تھا کہ وائرس کے حوالے سے اگر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں اور اس پر قابو نہ پایا گیا تو موسم گرما کے دوران پڑنے والی شدید گرمی کے باوجود بھی یہ برقرار رہے گا۔
 
آصف محمود کا کہنا تھا کہ ’وائرس کو جراثیم کش ادویہ کے اسپرے سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے، کرونا کو پھیلنے سے روکنے کا واحد علاج یہ ہے کہ متاثرہ شخص یا اُس سے ملاقات کرنے والے کو قرنطینہ کردیا جائے۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے سخت نگرانی کررہا ہے اور تمام مسافروں کی اسکریننگ بھی کررہے ہیں، یہ سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک وائرس کا خطرہ کم نہیں ہوجاتا۔
 
واضح رہے کہ کورونا وائرس نے چین کے بعد یورپ، خلیجی ممالک اور دیگر ایشیائی ممالک میں ڈیرے ڈالنا شروع کردیئے ہیں، چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی اور ایران میں ہوئی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں اتوار کو اپنا آخری میچ کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ملتان سلطانز کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل کی آج صبح نجی اسپتال میں کورونا وائرس اسکریننگکرائی گئی اور تمام کھلاڑیوں کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
 
ملتان سلطانز ٹیم کے چار کھلاڑی اور چار آفیسرز کو سخت سیکورٹی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہی واقع نجی اسپتال لایا گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور ملتان سلطانز آفیشلز کی کورونا اسکریننگ کی گئی جس کے بعد کھلاڑی واپس ہوٹل روانہ ہو گئے۔
 
اسپتال ذرائع کے مطابق کھلاڑی اور آفیشلز کورونا اسکریننگ میں کلیئر قرار دیئے گئے ہیں۔
 
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ کے میچز کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے جب کہ پی سی بی نے فرنچائز میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے وطن جانے کی اجازت بھی دیدی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام اضلاع میں قرنطینہ سینٹر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
 
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ صحت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ابھی 289 زائرین پہنچے ہیں، مزید 853 آنا باقی ہیں، نئے آنے والوں کے لیے بھی تیاری کرنی ہے۔
 
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اپنے ہیلی کاپٹر میں طبی ٹیم کو سکھر کے لیے روانہ کر دیا ہے جو تفتان سے سکھر آنے والے زائرین کے خون کے نمونے کراچی لائیں گے۔
 
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی ادارہ صحت، آغا خان اور انڈس اسپتال کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔
 
مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی ہے کہ تمام آنے والے زائرین کے ٹیسٹ شروع کر دیں، میں آپ کے ساتھ رابطے میں رہوں گا، مجھے ہر پل کی خبر دیتے رہیں تاکہ وقت پر فیصلے لیے جائیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سندھ میں کل 15 کیسز ہیں جن میں ایک کیس مقامی ٹرانسمیشن کا ہے، ہمیں مقامی ٹرانسمیشن کو بھی روکنا چاہتا ہوں تاکہ کوئی نقصان نہ ہو، اس وبا کو پھیلنے سے روکنے میں سندھ کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
 
وزیراعلیٰ سندھ نے حفاظتی اقدامات کے تحت ہر ضلع میں قرنطینہ سینٹر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
Page 1 of 2