Friday, 29 November 2024


کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی

 
 
پی ایس ایل فائیو کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، اسلام آباد یونائیٹڈ ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہوگئی۔
 
کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 137 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شرجیل خان نے 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
 
کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 60 رنز پر گری جب شرجیل خان 37 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، شرجیل کی اننگز میں 4 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
 
بابر اعظم 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کیمرون ڈیلپورٹ کو 11 رنز پر شاداب خان نے بولڈ کیا، کپتان عماد وسیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
 
افتخار احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، والٹن 11 رنز بنا کر رومن رئیس کا شکار بنے، کرس جارڈن 6 اور عمید آصف 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رومن رئیس اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیاتھا۔
 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری، اوپنر رضوان حسین 17 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر والٹن کو کیچ دے بیٹھے۔
 
فل سالٹ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت نے 37 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر ارشد اقبال کا نشانہ بنے۔
 
کولن انگرام 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، آصف علی 2 رنز بنا کر جارڈن کی گیند پر اسامہ میر کو کیچ دے بیٹھے۔
 
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جارڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 

Share this article

Leave a comment