Reporter SS
لاہور: پاکستان کرکٹ بورنے ٹی 10 لیگ کیلئے 8 کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیے۔
پی سی بی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے گئے ہیں ان میں عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان طارق شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سلمان ارشاد، افتخار احمد اور آصف علی کو بھی این او سی جاری کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے حسان خان کو گلوبل سپر لیگ، آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور بگ بیش لیگ کے لیے این او سی جاری کیا ہے جبکہ اسامہ میر کو بھی بگ بیش کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج برسبین میں کھیلا جائے گا لیکن ہلکی بارش کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہونا ہے لیکن تاحال ٹاس نہ ہوسکا جب کہ پچ کو کور سے ڈھانپ دیا ہے۔
رضوان کا اس میچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کریں گے جو بہتر ہوگا۔دوسری جانب آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔
اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر مزہ ڈبل کرنے کا سنہری موقع ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر تنقید کے نشتر چلادیے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کا نقصان ہے، اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ آپ ایک ٹیم کی وجہ سے دوسری ٹیموں کو تکلیف نہیں پہنچا سکتے۔ بہتر ہوگا کہ ہندوستان کو ٹورنامنٹ سے باہر رکھا جائے اور ان کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیمیں یہاں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں تو اسکے باوجود بھارت کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرنا عجیب سی بات ہے۔محمد عامر نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، بھارت کا ایسا فیصلہ یقینی طور پر شائقین کرکٹ کیلئے نہایتی مایوس کُن ہے، جسکا جواز بھی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا انکار پاکستان میں کرکٹ بحالی کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے جس کا اثر کرکٹ کے کھیل پر پڑے گا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کےرجحان کے نتیجے میں انڈیکس 94 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز بازارِ حصص میں 463 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 93755 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بعد ازاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ مزید بڑھا اور پی ایس ایکس میں 729 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 94 ہزار کی سطح عبور ہو گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 94020 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بازارِ حصص میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی تھی اور کاروباری ہفتے کے آخری دن بھی انڈیکس 93 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا، جس کے اثرات رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی مثبت نظر آ رہے ہیں۔
Quacquarelli Symonds (QS) نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ: ایشیا 2025 شائع کی ہے
کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے ایشیا ریجن میں کل 70 پاکستانی یونیورسٹیز شامل ہیں۔
رینکنگ میں شامل ایشیا بھر کی 984 یونیورسٹیوں میں سے 70 کا تعلق پاکستان سے ہے، ان میں سے 2 نے ایشیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں جگہ حاصل کی ہے۔
درجہ بندی کا تعین کئی کلیدی پیرامیٹرز میں یونیورسٹیوں کی کارکردگی سے کیا جاتا ہے، بشمول بین الاقوامی فیکلٹی، پی ایچ ڈی کے ساتھ عملہ، فیکلٹی-سٹوڈنٹ ریشو، ان باؤنڈ ایکسچینج، اکیڈمک ریپوٹیشن، فی پیپر حوالہ جات، پیپرز فی فیکلٹی، انٹرنیشنل ریسرچ نیٹ ورک، انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس، آؤٹ باؤنڈ ایکسچینج وغیرہ شامل ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) سکھر نےایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ری شیڈول کرنے کی سفارش کردی۔
محکمہ صحت سندھ کو سفارش کی ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (MDCAT) یکم دسمبر کو شیڈول کیا جائے۔
صوبائی ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے محکمہ صحت نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں آئی بی اے سکھر کے ساتھ اپنے معاہدے اور ٹیسٹ کے لیے توسیع شدہ آخری تاریخ کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اپنے کنٹرولر امتحانات امداد خشک کو ایم ڈی سی اے ٹی کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے جبکہ محکمہ صحت نے ڈپٹی سیکریٹری صحت زوہیب حسن شیخ کو اس کردار کے لیے نامزد کیا ہے۔
آئی بی اے سکھر نے بھی پی ایم ڈی سی کو خط لکھا ہے، جس میں فارمیٹ میں تبدیلی کی درخواست کی گئی ہے کہ متعدد انتخابی سوالات (MCQs) میں پانچ کے بجائے چار آپشنز شامل کیے جائیں، جو ان کے معیاری نقطہ نظر کے مطابق ہیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام MDCAT میں اور دیگر صوبوں میں امیدواروں کو فی MCQ پانچ آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے برعکس، IBA سکھر عام طور پر مختلف امتحانات کے لیے MCQs میں چار اختیارات فراہم کرتا ہے۔
اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ دسواں لٹریچر فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول میں 100سے زائد معروف ادبی اور فنون لطیفہ کی شخصیات نے بطور مقرر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فیسٹیول میں ادبی نشست، رقص، مشاعرے ، فلموں کی نمائش، تھیٹر اور ایک یادگار صوفی نائٹ سمیت 50معلوماتی سیشنز ہوئے۔ فیسٹیول کا انعقاد گیٹز فارما اور نیو پینٹس کے تعاون سےآکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان نے کیا ۔
فیسٹیول کےاختتام پر معروف مصنفہ اور نقاد منیزہ شمسی، نجیبہ عارف، محمد میکائیل سومرو ، ارشد سعید حسین نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
فیسٹیول کے آخری روز پانچ کتابوں کی رونمائی ہوئی۔ پینل مباحثوں اور سیشنز کے دلچسپ سلسلے نے پاکستان کے معاشرتی، ثقافتی اور ادبی منظر نامے پر متنوع موضوعات پر بھرپور مکالمے کو جنم دیا۔
کیپٹل ٹاک کے دوسرے سیزن میں حامد میر اور مہر بخاری کے درمیان ایک فکر انگیز گفتگو ہوئی جس میں صحافت اور عوامی مکالمے کے اہم مسائل پر بات کی گئی۔ تقریب کا اختتام اکبر علی خان کی صوفی نائٹ کی پرفارمنس سے ہوا
دنیا بھرمیں مقبول موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے ایک اور نئی سہولت پیش کردی ہے۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے صارفین کیلیے ایک نیا فیچر تیار کیا گیا ہے جس کے تحت وہ کوئی بھی ڈرافٹ میسج چیٹ کھولے بغیر دیکھ سکیں گے۔
اس فیچر کو کمپنی کی جانب سے ’ڈرافٹ میسج‘ فیچر کا نام دیا گیا ہے جسے پہلے مرحلے میں آزمائش کیلیے آئی فون کے مخصوص صارفین کو پیش کیا گیا ہے۔
ایپل کے صارفین کے لیے آزمائشی طور پر متعارف کرائے گئے ’ڈرافٹ‘ فیچر کو کامیابی کے بعد تمام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فیچر کے تحت صارفین کے نامکمل پیغامات پر لیبل لگ جائے گا جس کو وہ ایک علیحدہ آپشن ’چیٹ فہرست‘ میں جاکر میسج کھولے بغیر دیکھ اور پھر اس میں ترمیم بھی کرسکے گا۔
اس فیچر کا مقصد غیر ضروری چیٹ کی جھنجھٹ سے صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد: پی ٹی اے نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے ہیں اور یہ فیصلہ وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کےلیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہناہےکہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی وی پی این سے حساس ڈیٹا تک رسائی ہوسکتی ہے جب کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سے غیرقانونی مواد تک رسائی بھی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی اے نے 2010 میں وی پی این کی رجسٹریشن کا آغاز کیا اور اب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی این رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں جب کہ 1422 سے زائد کمپنیاں اب تک وی پی این رجسٹرڈ کراچکی ہیں۔
وی پی این کیا ہے ؟
وی پی این ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے اوریہ ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براؤزنگ کی اجازت دیتا ہے۔
ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد سے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو استعمال کرسکتے ہیں۔
نیٹ فلکس نے اپنے مشہور شو اسٹرینجر تھنگز کے پانچویں اور آخری سیزن کے ریلیز کا اعلان کردیا۔
مشہور اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے تھرلر اور فکشن سے بھرپور ہارر ویب سیریز اسٹرینجر تھنگز کے آخری سیزن کے ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے اس کی تمام اقساط کے نام بھی بتا دیے ہیں۔
نیٹ فلکس کی جانب سے ویب سیریز کی 2025 میں ریلیز کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ آخری سیزن میں 1987 کے واقعات دکھائے جائیں گے۔
اس سیزن کی پہلی قسط کا نام ’دی کرال‘ رکھا گیا ہے، جبکہ دوسری قسط کا نام ’دی وینشنگ آف ۔۔۔۔‘ ہے، جس کا عنوان جزوی طور پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ یہ نام پہلی قسط "دی وینشنگ آف وِل بائرز" کی یاد دلاتا ہے۔
اس سیزن میں مجموعی طور پر آٹھ اقساط ہوں گی جیسے پچھلے سیزنز میں تھیں، البتہ اقساط کے دورانیے کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
گزشتہ سال اس اعلان کے بعد کہ ٹرمینیٹر کی مشہور اداکارہ لنڈا ہیملٹن بھی اسٹرینجر تھنگز کاسٹ کا حصہ ہوں گی، سیریز کی کاسٹ یا اسٹوری کے حوالے سے دیگر معلومات کو راز رکھا گیا ہے۔
سیریز کے مداحوں کو امید ہے کہ نیٹ فلکس جلد ہی ایک مکمل ٹریلر جاری کرے گا جس کا انہیں بےصبری سے انتظار ہے۔