Reporter SS
میٹا نے انسٹاگرام کے صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اے آئی ٹول صارف کی حقیقی عمر کا تعین کرے گا، چاہے وہ اسے غلط ہی کیوں نہ بتائے۔
اگر صارف اپنی عمر کے بارے میں غلط بتائے گا تو اے آئی ٹیکنالوجی حقیقی عمر کا تعین کرکے 18 سال سے کم عمر افراد کو خودکار طور پر ٹین (teen) اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کردے گی۔یہ اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کے صارفین کے لیے ہیں اور کمپنی کی جانب سے نوجوانوں کے تحفظ کے لیے ایسے اکاؤنٹس میں مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اب تک ایسا کوئی طریقہ کار نہیں تھا جس سے کمپنی کو معلوم ہوسکے کہ اس سروس کو استعمال کرنے والے کی حقیقی عمر کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میٹا کی جانب سے adult classifier نامی سافٹ وئیر ٹول تیار کیا گیا ہے۔
یہ ٹول صارفین کو 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ایک گروپ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کا ہوگا جبکہ دوسرا 18 سال سے کم عمر صارفین کا ہوگا۔
میٹا کی یوتھ اینڈ سوشل امپیکٹ ڈائریکٹر Allison Hartnet نے بتایا کہ یہ ٹول صارف کی پروفائل کو اسکین کرکے دیکھے گا کہ وہ کیسے مواد کو دیکھتا ہے جبکہ اس کے فالوور لسٹ کو بھی عمر کے تعین کے لیے دیکھا جائے گا۔
میٹا کی جانب سے ٹین اکاؤنٹس کو ستمبر 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا۔اس ٹول کا استعمال 2025 میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرزکی رینکنگ جاری کر دی۔
ٹیسٹ پلیئرز کی بیٹنگ رینکنگ میں جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ انگلینڈ کے ہیری بروک ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے۔
بھارت کے رشبھ پنت پانچ درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل 8 درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے۔
اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد 17 ویں نمبرسلمان آغا ایک درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر آ گئے، محمد رضوان دو درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ:
ٹیسٹ بولروں میں ساؤتھ افریقا کے کگیسو ربادا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے نعمان علی کی نویں پوزیشن ہے۔
بھارت کے رویندرا جڈیجا دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے، کیشو مہاراج چار درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر ہے۔
واشنگٹن: صدارتی الیکشن جیتنے اور دوسری مرتبہ امریکی صدر منتخب ہونے پر ڈونلڈ ٹرمپ کووزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے مبارکباد کا پیغام جاری کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتےہوئے لکھا کہ امریکی عوام نے ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو شاندار فتح دی، یہ جنگ مخالف مینڈیٹ اور کامیابی ہے۔
واضح رہے صدارتی الیکشن جیتنے اور دوسری مرتبہ امریکی صدر منتخب ہونے پربرطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر، اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارک بعد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے
بالی ووڈ کے مشہور اداکار ابھیشیک بچن کی آنے والی فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے فلم کے ٹریلر میں ابھیشیک بچن کو بطور والد کردار نبھاتے دیکھا جاسکتا ہے جو اپنی بیٹی کے ساتھ ملک سے باہر رہتے ہیں تاہم ان کا بیٹی کے ساتھ تعلق پیچیدہ ہے اور باپ بیٹی میں دوری دکھائی گئی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابھیشیک مختلف روپ میں دکھائی دے رہیں جس کو دیکھ کر مداح بھی حیران ہیں ابھشیک اس فلم میں موٹے دکھائی دے رہے ہیں جو انتہائی سادہ آدمی کا کردار کر رہے ہیں جو کسی بیماری میں بھی مبتلا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ابھیشیک اس فلم میں اپنی عمر سے زیادہ بڑے نظر آرہے ہیں جبکہ کئی صارفین نے فلم کو ریلیز سے قبل ٹریلر دیکھ کر ہی فلاپ قرار دے دیا ہے۔
ابھیشیک بچن کا کردار ایک ایسے شخص کا ہے جو بات کرنے کے لیے جیتا ہے زندگی کی مشکلات کو غیر متزلزل اور مثبت نقطہ نظر کے ساتھ قبول کرتا ہے۔ یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو ہمیشہ زندگی کے روشن پہلو کو دیکھتا ہے، چاہے زندگی میں جتنے بھی چیلنجز ہوں۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن کی یہ فلم 22 نومبررکو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس پرائیویٹ گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشدنے کامرس پرائیویٹ کے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ میں 2ہزار 223 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 2ہزار 116 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 973 امیدوار کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 45.98فیصد رہا۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے بتایا کہ ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات میں 10امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 9امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے صرف 2 امیدوار بی گریڈ کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 22.22فیصد رہا۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آرٹس ریگولر کے امتحانات میں 11ہزار 172امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 10ہزار 551 امیدوارا متحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 3ہزار 92 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 29.31فیصد رہا۔
جبکہ آرٹس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 3ہزار 87 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 2ہزار 911 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی جس میں سے 1ہزار 123امیدوار کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 38.58 فیصد رہا
آسٹن: امریکی انتخابات میں پاکستانی نژاد ڈیموکریٹ امیدوار سلمان بھوجانی دوبارہ ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے۔
اپنے سیاسی سفر میں انہوں نے تارکین وطن کے حقوق کی بھرپور حمایت کی اور صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور کاروباری ترقی جیسے اہم مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کی۔
ان کی جیت کو امریکی سیاسی نمائندگی میں جنوبی ایشیا کی نمائندگی میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جہاں بھوجانی کی جیت پاکستانی امریکیوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی شمولیت کو نمایاں کرتی ہے، وہیں کانگریس کے لیے انتخاب لڑنے والے واحد پاکستانی نژاد امریکی ریپبلکن امیدوار ہارون بشیر کو پنسلوانیا میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں آج پھر کمی ریکارڈ ہوئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کی کمی واقع ہوئی، جس سے نئی عالمی قیمت 2727 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1000 روپے کی کمی سے 282200روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 857روپے کی کمی سے 241941روپے کی سطح پر آگئی۔
سونے کی قیمتوں میں کمی کے برعکس ملک میں فی تولہ چاندی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3430روپے اور فی 10گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2940.67روپے کی سطح پر مستحکم رہی
لاہور: پنجاب میں بڑھتی اسموگ کی وجہ سےکئی شہروں میں اسکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔
صوبے میں اسموگ اورفضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور ملتان میں ہائرسکینڈری اسکول 17 نومبر تک بند کردیے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ دیگر اضلاع میں ہائرسکینڈری سطح تک کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا تعلیمی ادارے بچوں کے لیے آن لائن اسٹڈی کا انتظام کریں گے۔
اسی طرح سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کرے گا جب کہ سرکاری میٹنگز بھی آن لائن ہوں گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائمری سطح تک بچوں کو اسکولوں میں چھٹیاں دیں لیکن والدین بچوں کو لے کر شاپنگ مالزاور تفریح گاہوں میں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیاہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی ریاست راجستھان اور دیگر اضلاع سے آنے والی ہواؤں نے ملتان اور گجرانوالہ کو متاثر کیا ہے۔ لاہور میں آج ائرکوالٹی انڈکس ایک ہزار سے اوپر ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 10 روز تک اسموگ کی شدت رہے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کریگا۔ تمام سرکاری میٹنگز اب زوم پر ہوں گی۔ اسموگ کے تدارک کے لیے تمام محکموں کو اہداف دہیے دیے گئے ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے آفس میں اسموگ وار روم قائم کیا گیا ہے جہاں فضائی آلودگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
دوحہ میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف نے جیت کر تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجالیا۔
42 سالہ کیوئسٹ محمد آصف نےورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی اور کوالیفائنگ راؤنڈ کو جیتنے کے بعد مین راؤنڈ اور پھر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے کیا۔
فائنل میں آصف کا مقابلہ ایران کے پلیئر علی غاراگوزلو سے تھا، بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم آصف نے 25-70 کے اسکور سے اپنے نام کیا، دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کیا۔
تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے اسکور کے ساتھ جیت کر میچ میں دو ۔ ایک کی برتری لی، چوتھے فریم میں آصف نے حریف کو ایک گیند بھی پوٹ کرنے کا موقع نہ دیا اور 106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر اسکور اپنے حق میں تین ۔ ایک کردیا ، یہ اس ٹورنامنٹ میں آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔
پانچویں فریم میں بھی آصف کا پلہ بھاری رہا جس میں انہوں نے 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا، چار ایک کے خسارے کے بعد ایرانی کیوئسٹ نے کچھ مزاحمت دکھائی، چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کے بریک کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔
یہ محمد آصف کے کیرئیر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل ہے، وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔
2024 کی چیمپئن شپ جیت کر انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا ریکارڈ برابر کردیا ، محمد آصف 3 انفرادی ٹائٹل کے علاوہ 2 ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور وہ پاکستان کے کامیاب ترین کیوئسٹ ہیں۔