Thursday, 28 November 2024

لاہور: غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔تحصیل لیول پر ڈپٹی ڈی ای اوز پرائیویٹ اکیڈمیوں اور اسکولوں کی مانیٹرنگ کریں گے ۔

مرکز لیول پر اے ای اوز 4 ہزار سے کم فیس والے پرائیویٹ سکولز و اکیڈمیز کا ڈیٹا چیک کریں گے ۔غیر رجسٹرڈ اداروں کو فوری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ کر ایا جائے گا۔رجسٹریشن نہ کر انے والے اداروں کو سیل کردیا جائے گا۔

مانیٹرنگ ٹیمیں فیس سٹرکچر، بلڈنگ فٹنس،رجسٹریشن کا جائزہ لیں گی۔سی سی ٹی وی کیمرے ، سکیورٹی اور 8 فٹ اونچی دیواروں کو بھی چیک کیا جائے گا۔

لاہور بورڈ آف ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے داخلہ فارم جمع کرانے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کردیں۔

بورڈ حکام کی جاری کردہ نئی ہدایت کے مطابق امیدواروں کو اپنی تازہ تصاویر چسپاں کرناہوگی پرانی یا غیر مطابقتی تصاویر چسپاں کرنے والے امیدواروں کا داخلہ فارم قبول نہیں کیا جائے گا۔

بورڈ کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق قواعد و ضوابط کا اطلاق تمام پبلک اور پرائیویٹ سکولوں پر یکساں طور پر ہوگا۔

بورڈ حکام کے مطابق پرانی تصاویر چسپاں کرنے سے جعلی امیدواروں کی شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں اور اس سے امتحانی سنٹرز میں طلبا کی پہچان میں دشواری ہوتی ہے ۔ تازہ تصاویر سے امتحانی سنٹرز میں طلبا کی پہچان کرنا آسان ہے ۔

کراچی کی سڑکوں پر دندناتے واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز شہر میں موت بانٹنے لگے۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں واٹر ٹینکرز اور ڈمپر کی ٹکر سے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کورنگی نمبر 6 میں واٹرٹینکر کی ٹکر سے 6 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی اور کورنگی سنگر چورنگی پربھی واٹرٹینکر نے ایک شخص کی جان لے لی۔

نارتھ کراچی 2 منٹ چورنگی پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جب کہ پورٹ قاسم پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک شخص جان سے گیا۔

کورنگی نمبر 6 اور سنگر چورنگی کے قریب ہونے والے حادثات کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکرز کو قبضے میں لےلیا تاہم ڈرائیور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پورٹ قاسم پر ہونے والے حادثے میں ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے اپ گریڈیشن کا کام 50 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔

تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ اب قذافی اسٹیڈیم کے فلڈ لائٹس ٹاورز کی لائٹس اتارنے کا کام بھی ہو رہا ہے۔ 6 ٹاورز میں سے تین کی لائٹس اتارنے کا کام مکمل کر لیا گیا اور تین ٹاور کی لائٹس اتارنے کا کام جاری ہے۔

ٹاورز پر اب جدید ایل ای ڈی لائٹس لگائی جائیں گی اور نئی لائٹس بھی جلد لگانے کا کام مکمل کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں دو جدید اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔ قذافی اسٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ کا کام بھی تکمیل کی جانب گامزن ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن 31 دسمبر 2024 ہے۔

اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اور درخواست نیپرا میں جمع کروادی گئی جس سے صارفین پر اربوں روپے کا بوجھ پڑے گا۔

میڈیاذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کروا دی جس سے بجلی صارفین پر 8 ارب 71کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

کمپنیوں کی جانب سے درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے جس پر سماعت 20 نومبر کو ہوگی۔

نیپرا دستاویز کے مطابق کیپیسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے، آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں جب کہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس مد میں ایک ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بجلی ترسیلی و تقسیمی نقصانات کی مد میں سوا دو ارب روپے کی بچت ہوئی۔

حکام کے مطابق نیپرا کی جانب سے درخواست منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز نے اکثریت حاصل کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کی اکثریت حاصل کرنے میں اوہائیو اور مغربی ورجینیا نے اہم کردار ادا کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی ورجینیا میں ری پبلکنز گورنر جم جسٹس کا مقابلہ ڈیموکریٹ امیدوار گلین ایلیٹ سے تھا تاہم ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد جلد ہی جم جسٹس کی فتح کا اعلان ہو گیا جو ایوان بالا میں ری پبلکنز کی برتری کی پہلی امید بنا۔

امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکنز نے 100 رکنی ایوان میں 51 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل کر لی ہے جبکہ 43 نشستوں پر ڈیموکریٹ نے کامیابی حاصل کی ہے۔

آج کے الیکشن سے قبل ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے برتری حاصل تھی تاہم اب سینیٹ میں ری پبلکنز کی برتری 51 ہو گئی ہے اور اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

امریکہ : پاکستان کی مشہور اداکارہ ریما نے امریکی صدارتی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کی ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کردیا ہے
ساتھ ہی انہوں نے یو ایس الیکشن، ووٹ 2024 کے ہیش ٹیگ کا بھی اضافہ کیا ہے۔

دوسری جانب اداکارہ ریما نے اس حوالے سے مختلف انسٹا اسٹوریز بھی شیئر کی ہیں جن میں انہیں ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پوسٹ کو دیکھتےہی کئی صارفین نے اپنے اندازوں کے مطابق بتایا کہ ریما نے کسے ووٹ دیا ہوگا، متعدد نے ٹرمپ کا نام لیا۔

تاہم اداکارہ نے یہ تو بتا دیا کہ انہوں نے اپنے شوہر ڈاکٹر طارق کے ہمراہ امریکی صدارتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر لیا ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کسے ووٹ دیا ہے

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

نسیم شاہ پہلے ون ڈے میں اپنے 8 ویں اوور میں کریمپس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ اوور مکمل نہیں کرا سکے تھے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔

ٹیم ذرائع کے مطابق نسیم شاہ اب فٹ ہوگئے ہیں اور انہوں نے کریمپس سے چھٹکارا پا لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ نے مکمل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور بولنگ بھی کی، اس دوران انہیں کسی تکلیف کا سامنا نہیں رہا، وہ دوسرے ون ڈے میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا اور تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کے خلاف تیسرا ون ڈے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز سمیت پانچ کھلاڑ ی نہیں کھیلیں گے۔

پیٹ کمنز، مجوش ہیزل ووڈ،چیل اسٹارک،مارنوس لبو شین اور اسٹیو اسمتھ تیسرا ون ڈے میچ نہیں کھیلیں گے۔تیسرے ون ڈے کے لیے زیوئیر بارلیٹ، اسپینسر جانسن اور جوش فلپس آسٹریلوی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

کرکٹرز بھارت کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔

لانس مورس کو میلبرن میں ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔جوش ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے شیفلڈ شیلڈ کا میچ کھیلا تھا، اسی لیے وہ پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جوش ہیزل ووڈ پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے کے لیے دستیاب ہیں لیکن وہ تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے۔

جوش انگلس تیسرے میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے، وہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ جوش انگلس آسٹریلیا کے 30 ویں ون ڈے اور 14 ویں ٹی ٹوئنٹی کپتان ہوں گے۔

امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی معرکہ جیت لیا ہے۔

امریکی صدارتی انتخاب میں538 میں سے اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 ووٹ لےکرآگے ہیں جبکہ کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 188 اور ڈیموکریٹس 160 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں۔ امریکا کی 50 میں سے 27 ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ 19 میں کملا ہیرس کو کامیابی ملی ہے۔

سینیٹ میں ری پبلکن نے 51 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیت لی ہیں۔امریکا میں پولنگ مکمل ہونے کے اوقات بھی مختلف ریاستوں میں مختلف ہیں، 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا اختتام الگ الگ وقت پر ہوگا۔

امریکی سینیٹ کے100 میں سے34 ارکان کا انتخاب بھی آج ہوگا، اس وقت سینیٹ میں ریپ بلکن ارکان 38، ڈیموکریٹس 28 ہیں جب کہ 11 ریاستوں میں گورنرز کا انتخاب بھی ہو گا۔

امریکا میں 47 ویں صدر کے انتخاب کیلئے جاری پولنگ کا عمل امریکی ریاست انڈیانا اور کینٹکی میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے ختم ہوا جب کہ ریاست ہوائی، الاسکا اور کئی مغربی ریاستوں میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ختم ہوا، اس کے علاوہ جارجیا اور نیوکیرولائنا میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 سے7 بجے کے درمیان ختم ہوا۔

مشی گن، پنسلوینیا اور وسکونسن میں ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان پولنگ ختم ہوئی جب کہ سب سے آخر میں الاسکا میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پولنگ کا وقت ختم ہوگا

Page 14 of 3032