پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج پھر تیزی کا رجحان ہے اور انڈیکس ایک بار پھر 92ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بازارِ حصص میں 41 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 91979 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا اور ایک موقع پر 176 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 92114 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 91 اور 92 ہزار کی دونوں نفسیاتی سطحیں عبور کرگیا تھا
ملک بھر میں پولیو کی کل تعداد 46 تک پہنچ گئی۔
متعلقہ لیب نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (WPV1) کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد قلعہ سیف اللہ سے پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے جب کہ ملک بھر میں کیسز کی کل تعداد 46 ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کئی ماحولیاتی نمونوں میں WPV1 کے لیے مثبت تجربہ کیا گیا ہے۔ اب تک صوبہ بلوچستان سے 23، صوبہ سندھ سے 12، کے پی سے 9 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
نئے سامنے آنے والے کیس میں بچے سے جمع کیے گئے نمونے کی جینیاتی ترتیب جاری ہے۔ 76 اضلاع میں WPV1 کا پتا چلا ہے، جو وائرس کی وسیع پیمانے پر گردش اور بچوں کی صحت کے لیے ایک ایسی بیماری سے مسلسل سنگین خطرے کی نشاندہی کرتا ہے جو انہیں زندگی بھر کے لیے مفلوج کر سکتا ہے۔
بلوچستان اس سال سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ مہم کے نفاذ کو گزشتہ مہینوں میں مقامی سطح پر ہونے والے مظاہروں اور عدم تحفظ کی وجہ سے اس خطے میں چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کیسز کی زیادہ تعداد اس نقصان کی نشاندہی کرتی ہے جو بچوں کو ویکسینیشن کے مواقع سے محروم ہونے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور 5سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لیے معمول کے قطرے پلانے کے شیڈول کی تکمیل انہیں محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے مائیکروبایولوجی میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کے لیے منظوری حاصل کر لی ہے۔
یہ منظوری جے ایس ایم یو کے مستند مائیکروبایولوجی پروگرام کی کامیاب تکمیل اور جدید تربیتی تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت کا اعتراف ہے۔
جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر، پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا، "سی پی ایس پی کی جانب سے یہ منظوری ہمارے فیکلٹی اور عملے کی محنت اور ہمارے عالمی معیار کی طبی تعلیم فراہم کرنے کے عزم کا اعتراف ہے۔ اس سے ہمارے طلبہ کے لیے نئے مواقع کھلیں گے اور سندھ میں صحت کے شعبے کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔"
جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب کے انچارج اور پروفیسر آف پیتھالوجی ڈاکٹر محمود حسن نے بتایا کہ ایف سی پی ایس ٹریننگ جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب میں ڈاکٹر بینش عارف کی زیر نگرانی منعقد کی جائے گی۔ ڈاکٹر محمود حسن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ٹریننگ سیشنز سی پی ایس پی کے اصولوں کے مطابق ہوں۔
پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر در محمد نے کہا، "ہم اپنے پروگراموں کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ طبی شعبے کی بدلتی ضروریات کو پورا کر سکیں اور صوبے کے عوام کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔"
اس منظوری کو برقرار رکھنے کے لیے، جے ایس ایم یو ہر پانچ سال میں ایک بار دوبارہ معائنہ کروائے گا جس میں سی پی ایس پی کے تمام اصول و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔
لاہور: پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ردعمل سامنے آگیا۔
محسن نقوی نے شکست کے باوجود قومی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ایک مشکل میچ میں لڑنے پر پاکستانی ٹیم کو شاباش دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر محسن نقوی نے لکھا کہ آپ لڑکوں نے اپنا سب کچھ دیا اور بہترین طریقے سے مقابلہ کیا، یہ صرف پہلا میچ ہے اور ہمیں یقین ہے آپ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر کرنے کا موقع دیں گے۔
آسٹریلیا نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
مانیٹرنگ ڈیسک : مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز ہیلو آتھنتیکیشن کے یوزر انٹرفیس کو نیا کیئے جانے کااعلان کیاگیا ہے۔
چہرے اور فنگرپرنٹ سمیت دیگر طریقوں سے صارف کی شناخت کی تصدیق کرنے والے اس سسٹم کو ونڈوز 11 میں ری ڈیزائن کیا جارہا ہے۔
ابھی ونڈوز ہیلو کا نیا ڈیزائن بیٹا (beta) ورژن میں محدود افراد کو دستیاب ہے۔
نئے ڈیزائن میں نئے آئیکونز دیے گئے ہیں اور پاس کیز کے فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔
یہ نیا یوزر انٹرفیس نہ صرف ونڈوز 11 کے لاگ ان اسکرین پر نظر آئے گا بلکہ جب آپ ویب سائٹس اور ایپس پر پاس کیز کے ذریعے سائن ان ہوں گے تو جب بھی یہ کام کرے گا.
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہم نے ونڈوز میں پاس کیز کے ذریعے صارف کی تصدیق کے سسٹم کو ری ڈیزائن کیا ہے تاکہ یہ عمل زیادہ محفوظ اور برق رفتار ہو جائے۔
بیان میں بتایا گیا کہ صارفین آتھنتیکیشن آپشنز جیسے پاس کیز اور دیگر کا انتخاب کرسکیں گے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے ابھی صرف ونڈوز 11 پاس کیز سپورٹ دی گئی ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائسز سے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوتا ہے۔مگر نئے یوزر انٹرفیس میں اس عمل کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔
کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال سےلاپتاہونے والے 9 بلوچ طالب علموں میں سے 7 کوبازیاب کروالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو گلشن اقبال کے علاقے سے لاپتا 9 بلوچ طالب علموں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں گمشدہ طلبہ کی بازیابی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پولیس نےگمشدہ ہونے والے طالبعلموں کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی ہے جس میں بتایا گیا کہ 7 لاپتا طالب علم واپس آگئے ہیں۔
پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ واپس آنے والے طالب علموں میں شعیب علی، اشفاق، شہزاد، بیبگر امیر، زبیر، قمبر علی اور سعید اللہ شامل ہیں۔ محمد جاوید نامی طالب گمشدگی کے ایک روز بعد واپس آگیا تھا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ لاپتا طالب علم محمد حنیف کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیے کہ اچھی بات ہے، خیریت سے واپس آگئے۔
درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ دن دیہاڑے طالب علموں کو اٹھا کر لے جایا گیا تھا۔ پولیس نے طالب علموں کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ بھی درج ہوجائے گا۔ عدالت نے واپس آنے والے طالب علموں اور درخواست گزار کو پولیس تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے طالب علم حنیف کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 9 بلوچ طالب علم 16 اکتوبر کو گلشن اقبال کے علاقے سے لاپتا ہوگئے تھے
کراچی: جامعہ کراچی کلیہ فنون وسماجی علوم اور کلیہ تعلیم کے مختلف شعبہ جات میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقادکیاگیا۔
پروگرام میں داخلے کے خواہشمندامیدواروں اور ان کے والدین کوشعبہ جات میں پڑھائے جانے والے کورسز اور داخلہ ٹیسٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پررئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم، انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزپروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر عمران احمد صدیقی،رکن کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس ڈاکٹر انیلہ امبرملک، ڈاکٹر نوشین رضا، ڈاکٹر غزل خواجہ اور شعبہ جرمیات،شعبہ بین الاقوامی تعلقات، شعبہ ابلا غ عامہ، شعبہ ایجوکیشن،ٹیچرایجوکیشن اور اسپیشل ایجوکیشن کے صدورشعبہ جات اور اساتذہ بھی موجود تھے
بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فضائیہ کا مِگ 29 جنگی طیارہ آدم پور کے فضائی اڈے سے اڑان بھر کر مشقوں کے لیے آگرہ جارہا تھا۔
آگرہ کے نزدیک طیارہ زمین پر آگرا جس کے بعد طیارے میں آگ بھی لگ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے کے زمین پر گرنے سے قبل پائلٹ طیارے سے باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پرگردش کررہی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے واقعات پر محکمہ تعلیم کو قوانین بنانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسکولوں میں بچوں سےچھیڑخانی اور سوشل میڈیا ٹرولنگ کے خلاف کیس پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ کیا حکومت نہیں چاہے گی کہ ہمارے بچےخودکشیوں سےبچ جائیں، بچوں کو چھیڑ خانی سے بچانےکےقوانین ہونے چاہئیں۔
سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے قوانین پہلے سے موجود ہیں ہاں مگر اس میں چھیڑخانی کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری خصوصی تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی بناتے ہوئے سفارشات طلب کرلیں اور کیس کی مزیدسماعت 10 دن کے لیے ملتوی کردی۔
کراچی: ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے چار پی ایچ ڈی طالبِ علم محمد علی منہاس، امبر بانو، دائم آصف اور سنعیہ خورشید نے حال ہی میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کی ٹریول گرانٹ جیت لی ہے۔
جس کے تحت یہ چاروں طالبِ علم3سے5نومبر کے درمیان قطر میں جاری امریکن کیمیکل سوسائٹی قطر چیپٹر اور آر ایس سی ریجنل ایم ای اے کانفرنس2024ء میں شرکت کررہے ہیں۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ کیمیا کے شعبے میں ان طالب علموں کو ان کی غیر معمولی تعلیمی کامیابیوں اور تحقیقی شراکت کی وجہ سے اس انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چاروں پی ایچ ڈی طالبِ علم ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر عمران ملک کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کامیاب طالب علموں اور اُن کے سپروائزر ڈاکٹر عمران ملک کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے یہ کامیابی طالبِ علموں کی محنت، لگن اور اختراعی جذبے کامنہ بولتا ثبوت ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمننے بھی ان ہونہار طالبِ علموں کو ان کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔