ضیاءالدین یونیورسٹی کی جانب سے چھاتی کے سرطان سے متعلق ایک ماہ تک جاری رہنے والی آگاہی مہم کے آخری روز پوسٹر مقابلے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پوسٹر مقابلے کی تقریب نے چھاتی کے سرطان سے متعلق بروقت طبی مداخلت، جلد پتہ لگانے اور اسکریننگ کی حوصلہ افزائی کے لیے کھلی بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
آگاہی مہم کے آخری روز طلباءکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اور متحرک آگاہی پوسٹرز کو سراہتے ہوئے ضیاءالدین یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر نے اس مہم میں یونیورسٹی کی اجتماعی کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے کینسر کیلئے آپ کی لگن انتہائی متاثر کن ہے۔ ہم ہر مرد و خواتین سب کیلئے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اس آگاہی مہم کے ذریعے ہر سال ضائع ہونے والی جانوں کو بچایا جاسکے۔
پروفیسر عباس ظفر کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان بھر کی ہر یونیورسٹیز اور کالجز اس طرح کی پرجوش آگاہی مہم میں شامل ہو جائیں تو ہم مل کر کئی جانیں بچا سکتے ہیں اور صحت عامہ کی صورت حال پر دیرپا تبدیلی لا سکتے ہیں۔
پوسٹر مقابلے کیلئے ضیاءالدین یونیورسٹی کے تمام کیمپسز اور کالجز سے دو سو سے زائد پوسٹرز کی رجسٹریشن کی گئی۔ ججز کی اسکریننگ کے بعد پینتالیس ڈیجیٹل پوسٹرز اور دس ہاتھ سے بنے پوسٹرز آویزاں کیے گئے، جو شرکاءکی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کو ظاہر کرتے تھے۔پوسٹر مقابلے میں کالج آف ڈینٹسٹری کی مریم داروگر پہلی ، کالج آف ری ہیبلیٹیشن سائنسز کی حدیبیہ ناز نے دوسری جبکہ کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی کی کشف دیام نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ریاض: سعودی عرب میں بھارتی سپر اسٹار اجے دیوگن کی سنگھم سمیت 3 بھارتی فلموں کی نمائش روک دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے 3 بھارتی فلموں کی نمائش کو روک دیا ہے جن میں اجے دیوگن کی سنگھم اگین بھی شامل ہے۔
خبر کے مطابق جن دیگر 2 بھارتی فلموں کی نمائش کو روکا گیا ان میں کارتک آریان کی بھول بھلیاں 3 اور فلم اماران شامل ہیں۔
فلموں کی نمائش روکنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں مذہبی، جنسی یا حساس مواد ہونے کی بنا پر فلموں کو نمائش سے روکا جاتا ہے، سعودی عرب میں اس حوالے سے سخت پالیسی اپنائی جاتی ہے جب کہ ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔
خبر کے مطابق تینوں فلموں کو دیوالی کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا جب کہ فلموں کو متحدہ عرب امارات میں شیڈول کے مطابق نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نےامتحان میٹرک سیکنڈ اینول 2024کے نتائج کا اعلان کردیا۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امتحان میٹرک سیکنڈ اینول2024 میں 16475اُمیدواران نے داخلہ بھجوایا۔16386اُمیدواران شاملِ امتحان ہوئے ۔4754اُمیدواران مذکورہ امتحان میں کامیاب ہوئے ۔اس طرح کامیابی کا تناسب 29.03رہا۔ 11584اُمیدواران فیل ہوئے ۔61اُمیدواران غیر حاضر رہے۔
لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کو 4 ارب روپے کا بجٹ جاری کر دیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے یہ بجٹ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کو نان سیلری بجٹ کی مد میں جاری کیا ہے
جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب نے انڈر گریجوایٹ اسکالر شپ کی مد میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کو 2 ارب 50 کروڑ روپے کا بجٹ بھی جاری کر دیا ہے ۔
لاہور اور کراچی میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریبات منعقد کی گئی جہاں شرکا نے پلھجڑیاں جلاکر خوشی کا اظہار کیا۔
ہندو برادری کا سب سے بڑا تہوار دیپا والی، جو بدلتے بدلتے دیوالی بن گیا، دیپ روشن کرنے کے اس دن کی مناسبت سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب ہوئی، جس میں شرکا نے مل کر کیک کاٹا اور تقریب میں شریک ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
لاہور میں منعقدہ دیوالی کی تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا اور پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سونیا عاشر بھی شریک ہوئیں۔
دیوالی کی اس تقریب میں ہندوؤں کے علاوہ مسلمانوں، سکھوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں نے بھی شرکت کی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گلدستہ ہے، جہاں ہر شہری کو احترام دیا جاتا ہے۔
کراچی میں پاکستان ہندو کونسل کے تحت دیوالی کی مناسبت سے تقریب دوران کیک کاٹا گیا۔
ہندو کونسل کی جانب سے دیوالی کی مناسبت سے رنگارنگ میوزیکل پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے تقریب کے شرکا کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔
لاہور: پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحان 2025کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا۔
امتحان کا آغاز 4مارچ 2025 سے ہوگا۔امیدوار سنگل فیس کے ساتھ 2 نومبر سے داخلہ فارم جمع کراسکیں گے ۔
سنگل فیس کے ساتھ داخلہ جمع کرانے کی تاریخ 27 نومبر رکھی گئی ہے ۔
دو گنا فیس کے ساتھ 28 نومبر سے 11 دسمبر تک داخلہ جمع کراسکیں گے ۔
غزہ سے آئے 44 طالب علم راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔
غزہ سے آنے والوں میں 11 طالبات اور 33 طلبہ شامل ہیں۔ یہ سب راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں اپنی تعلیم مکمل کریں گے۔
پاکستان آنے والے طالب علم غزہ کی ال اظہر یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ ڈاکٹر یوسف الدین نے پاکستانی حکام سے طالب علموں کوپاکستان منتقلی کی اپیل کی تھی۔
غزہ سے پاکستان آنے والے طلبا کو ڈاکٹر جہانگیر سرور، ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر رضوان تاج نے خوش آمدید کہا۔
پرنسپل راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر جہانگیر سرور نے طلبا کو وائٹ کوٹ پہنائے۔
وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر نے طلبا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی بی اے نےٹی وی شو ہوسٹ اور کامیڈین تابش ہاشمی کو اعلیٰ کارگردگی پر ایکسیلینسی ایوارڈ سے نوزا دیا ۔
پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کامیڈی کی منفرد طرز کیلئے مشہور معروف ٹی وی ہوسٹ تابش ہاشمی کو ان کی درسگاہ آئی بی اے کی جانب سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اعلیٰ کارگردگی پر ایکسیلینسی ایوارڈ سے نوزا دیا گیا۔
تابش ہاشمی نےمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایوارڈ سے بہت خوش ہیں انہیں امید ہی نہیں تھی کہ ایوارڈ انہیں ملے گا۔
تابش ہاشمی نے مزید بتایا کہ لوگ حیران ہوں گے کہ ایک اسٹینڈ اپ کامیڈین کو کیسے ایوارڈ ملا ہے لیکن ان کے کیرئیر کے پہلے اسٹینڈ اپ کا انعقاد بھی آئی بی اے نے کیا تھا۔
آئی بی اے کی جانب سے سابق طلبا کو مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں ایوارڈ لینے والوں میں مختلف اداروں کے سی ای اوز، ڈینز اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
لاہور: ادارہ تحفظ ماحولیات نے اسموگ بڑھنے کے باعث الرٹ جاری کردیا۔
ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات عمران شیخ کے مطابق اسموگ کے باعث خصوصی بچوں کواسکول آنےسے روک دیاگیا ہے اور خصوصی تعلیم کے تمام اسکولوں کو آن لائن کلاسزکے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران شیخ نے کہا کہ اسکول بندش کا اقدام سانس، الرجی اور دل کے مریض بچوں کی صحت کے لیےکیا گیا جب کہ گرین لاک ڈاؤن کے تحت اسٹیک ہولڈرزکے اشتراک سے ایس اوپیزپرعمل جاری ہے۔ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ گرین لاک ڈاؤن ایریا میں گزشتہ شب اسموگ ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر 2 باربی کیو ریسٹورینٹ سیل کردیے، پنجاب میں 9 بھٹے اور4 انڈسٹریل یونٹس گرادیے گئے ہیں جب کہ گرین لاک ڈاؤن ایریا میں تعمیرات پر پابندی ہے اور دفاتر کے ڈیزل جنریٹرز کی انسپیکشن آج سے ہوگی۔
دوسری جانب سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسموگ ایس اوپیزپر مکمل عملدرآمدکو یقینی بنایاجا رہا ہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کی فوری گرفتاری بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسموگ جان لیوا آفت ہے لہٰذا عوام اسموگ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی فوری رپورٹ کریں۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا میک منی متعارف کرادیا۔ اپنے گزشتہ ماڈل کے سائز سے نصف یہ مشین کمپنی کا اب تک کا سب سے چھوٹا کمپیوٹر ہے۔
ایپل کے مطابق یہ نیا میک صرف پانچ بائے پانچ انچ چوڑا ہے اور اس میں کمپنی کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی ایم 4 چپ نصب ہے۔
ایپل کے ہارڈ ویئر باس جان ٹیرنس کا کہنا تھا کہ یہ کمپیوٹر ناقابلِ یقین حد تک چھوٹے ڈیزائن میں بہترین کارکردگی دِکھاتا ہے جو کہ ایپل سِلیکون کی پاور ایفیشنسی اور نئے تھرمل آرکیٹیکچر کی بدولت ہے۔
کمپنی کے مطابق نیا میک منی ایپل کا پہلا مکمل طور پر کاربن نیوٹرل کمپیوٹر ہے اور اس کے لیے اس کو 80 فی صد تک کاربن اخراج میں کمی لانی ضروری تھی۔ اس کمی میں نہ صرف اس کے بنانے کا عمل شامل ہے بلکہ اس کی شپنگ اور صارف کا استعمال بھی شامل ہے۔
ایپل کی جانب سے سب سے پہلے 2005 میں میک منی متعارف کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں اس کو لوگوں کو پی سی سے دور کرنے کی غرض سے پیش کیا جانے لگا جس کے تحت ایپل کے کمپیوٹر کو بیرونی ڈسپلے، کی بورڈ اور ماؤس کے استعمال کیا جا سکنا تھا۔