Friday, 29 November 2024

 لاہور: پنجاب کے بیشتراضلاع میں کل سے بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک پنجاب کے بیشتراضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ 27 ستمبر سے ساہیوال ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ ریسکیو ادارے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہریوں کو بارش کی صورت میں بجلی کے کھمبوں اورلٹکتے ہوئے تاروں سے دور رہنے سمیت دیگراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیروت: اسرائیل کے لبنان پرحملے جاری ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں اپنے کمانڈر کی شہادت کی تصدیق کردی۔ حزب اللہ کے میزائل سسٹم کے سربراہ ابراہیم قبیسی بیروت کے نواحی علاقے میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔ لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں اب تک 570 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں زخمی افراد کی تعداد 1800 ہوگئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے الضاحیہ علاقے پر حملے کا ہدف حزب اللہ کے رہنما طلال حمیہ تھے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر اسرائیلی حملے میں 6 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں حزب اللّٰہ نے اسرائیلی بحری اڈے سمیت کئی اہداف کو نشانہ بنایا۔ عراقی مزاحمتی تنظیم نے بھی جولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی اہداف پرحملے کیے۔ متعدد ممالک کی ایئر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کے لیے پروازیں روک دی ہیں۔

کیلیفورنیا: امریکا مین حیرت اگیز طور پر 70 سال پہلے اغوا کیا گیا شخص حال ہی میں خاندان کو واپس مل گیا ہے۔

امریکا میں ایک شخص جسے 6 سال کی عمر میں 1951 میں کیلیفورنیا کے ایک پارک میں کھیلتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا، سات دہائیوں سے زائد عرصے بعد ایک آن لائن ڈی این اے ٹیسٹ، پرانی تصاویر اور اخباری تراشوں کی مدد سے اپنے خاندان سے واپس مل گیا ہے۔

[دائیں جانب] چھ سال کی عمر میں اغوا ہونے والے البینو اپنے بھائی کے ساتھ

بے ایریا نیوز گروپ نے اطلاع دی کہ اوکلینڈ میں لوئس آرمانڈو البینو کی بھانجی نے پولیس، ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی مدد سے امریکی مشرقی ساحل پر رہنے والے اپنے ماموں کو تلاش کیا۔

البینو، ایک والد اور دادا، ایک ریٹائرڈ فائر فائٹر اور میرین کور کے تجربہ کار اہلکار ہیں جو کہ ویتنام پر امریکی فوجی حملے مین شامل تھے۔

ان کی بھانجی 63 سالہ الیڈا ایلیکوئن کے مطابق انہوں نے البینو کو مختلف ذرائع سے ڈھونڈ نکالا انہیں اپنے کیلیفورنیا میں موجود خاندان سے ملایا۔

کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کے نرخ ایک بار پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25ڈالر کے اضافے سے 2653ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جس کے نتیجے میں بدھ کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2500روپے کے اضافے سے 275500روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ۔

اسی طرح ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2144روپے کے اضافے سے 236197روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی ہے۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کی طرح ملک میں آج بدھ کے روز فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 100روپے کے اضافے سے 3050 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 85.74روپے کے اضافے سے 2614.88روپے کی سطح پر آگئی۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کردیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔

اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہوگا جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں نگے۔

اسکواڈ میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں.15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔ٹیسٹ میچ کا آغازملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردی ہیں۔

امریکا میں پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جی موومنٹ کے حوالے سے مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تعاون پرشکرگزار ہیں۔ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط پوری کردیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیم کےشعبےمیں انقلابی اقدامات کیے۔ معاشرےکےمحروم طبقےکیلیےپنجاب انڈومنٹ فنڈکااجراکیا جبکہ تعلیم کےفروغ کیلیےدانش اسکول کا قیام عمل میں لایاگیا۔ طلبا کو ہنرمند بنانے کے لیے ووکیشنل ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2022 میں پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے خاطرخواہ اقدامات کیے۔ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جوکہ بڑا چلینج ہے۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان آج کیا جائےگا۔

نتائج اعلان کے فوری بعد بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے۔

طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین سید ذوالفقار علی شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلباء کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

لاہور: پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز نے لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کلاس فرسٹ ایئر(انٹرمیڈیٹ پارٹ ون/ گیارہویں جماعت)سال 2024-26 میں انرولمنٹ وداخلہ کے آن لائن شیڈول میں توسیع کردی

اور اس سلسلہ میں تمام بورڈز کے چیئرمینز کو بھی سرکلر کے ذریعے آگاہ کردیا۔

سیکرٹری پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینزرضوان نذیر کے مطابق طلبہ وطالبات اب گیارہویں جماعت میں بغیر لیٹ فیس 30 ستمبر تک داخلہ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ 600 روپے لیٹ فیس کے ساتھ یکم سے 20 اکتوبر تک داخلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونےکا بھاؤ 1100 روپے اضافے سے 2 لاکھ 73 ہزار روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں یہ سونےکی بلند ترین سطح ہے۔

10 گرام سونےکا بھاؤ 943 روپے اضافے سے 2 لاکھ 34 ہزار 53 روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونےکا بھاؤ 11 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 628 ڈالر فی اونس ہے۔

 

وفاقی حکومت کی جانب سے 200 یونٹ تک کا 3 ماہ کا ریلیف 30 ستمبر سے ختم ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبرسے ماہانہ200 یونٹ تک صارفین کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 تک بڑھ جائےگا۔

ذرائع نے بتایاکہ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 7.11 روپے بڑھ کر 23.59 روپےہوجائے گا اور 101سے 200 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ کا ٹیرف7.12 روپے بڑھ کر 30.07 روپےہوجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 3.95 روپے بڑھ کر 11.69 روپےہوجائے گا اور 101سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف4.10 روپےبڑھ کر14.16 روپے ہوجائےگا۔ذرائع کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہےگا، ماہانہ51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 7.74 روپےبرقرار رہےگا۔

وفاقی حکومت نے جولائی 2024 میں بجلی کابنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھایا تھا لیکن حکومت نے اضافے سے ماہانہ200 یونٹ تک والے صارفین کو 3 ماہ کیلئے استثنیٰ دیا تھا۔

وفاقی حکومت نے 50 ارب سبسڈی سے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی قیمت میں اضافہ 3 ماہ کیلئے روکا تھا۔

Page 38 of 3032