ایمزٹی وی(صحت)اگر آپ خود کو ہر وقت تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں تو ضروری نہیں کہ یہ کسی نفسیاتی بیماری کا نتیجہ ہو؛ بلکہ اس کی وجہ آپ کے پیٹ کے جراثیم بھی ہوسکتے ہیں۔ امریکا کی کورنل یونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے مطالعے کے دوران معلوم ہوا کہ جو لوگ ہر وقت تھکن کے عارضے (کرونک فٹیگ سنڈروم) میں مبتلا ہیں، ان کے معدے میں جرثوموں کی اقسام (صحت مند افراد کی نسبت) خاصی کم ہوتی ہیں؛ اور ان میں بھی درد بڑھانے والے جراثیم زیادہ اور درد ختم کرنے والے جراثیم کم تعداد میں ہوتے ہیں۔ کرونک فٹیگ سنڈروم ایک بین الاقوامی عارضہ ہے جو ہر ایک لاکھ میں سے 3 ہزار تک بالغوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی علامت ایسی شدید تھکن ہے جو کئی گھنٹے تک سونے یا آرام کرنے کے بعد بھی ختم نہ ہو؛ جب کہ دیگر علامات میں مسلسل بے چینی، جوڑوں اور پٹھوں کا درد، سر میں درد اور پیٹ کی مختلف تکالیف شامل ہیں۔ مطالعے میں شریک 48 رضاکار میں کرونک فٹیگ سنڈروم کی تشخیص ہوچکی تھی جب کہ 39 افراد بالکل صحت مند تھے۔ مطالعے کی غرض سے ان کے تمام رضاکاروں سے خون اور فضلے کے نمونے جمع کیے گئے اور ان کا تجزیہ بطورِ خاص جرثوموں کے لیے کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر کوئی شخص ہر وقت تھکاوٹ کی بیماری میں مبتلا ہو تو اسے نفسیاتی معالجے کے علاوہ پیٹ کا علاج کروانے کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق پیٹ میں پائے جانے والے جرثوموں کو بحال کرکے اس بیماری کا ممکنہ علاج کیا جاسکتا ہے۔
Leave a comment