ایمز ٹی وی (صحت)امریکی سائنسدان نے ایک نئی قسم کا متوازن اور صحت بخش ’’تیار ناشتہ‘‘ ایجاد کیا ہے جو کسی پلیٹ یا ڈش میں نہیں بلکہ بوتل میں بند ہوتا ہے اور جسے آسانی سے پیا جاسکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غذائی ٹیکنالوجی کے ماہر امریکی سائنسدان ڈاکٹر راب رائن ہارٹ نے اپنی اس اختراع کو رائن ہارٹ نے ’’سوئے لینٹ‘‘ (Soylent) کا نام دیا ہے۔ ایک چھوٹی سی بوتل میں بند اس ناشتے میں وہ تمام غذائی اجزاء شامل ہیں جو صبح سے لے کر دوپہر تک ہمارے جسم کو درکار ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر راب رائن ہارٹ اس قبل یہی ناشتہ پاؤڈر کی شکل میں پیش کرچکے ہیں جب کہ حالیہ چند مہینوں میں رائن ہارٹ نے سوئے لینٹ میں کافی کا اضافہ کرکے اسے ’’کافیسٹ‘‘ (Coffiest) کے نام سے بھی متعارف کروایا ہے۔ اس سلسلے کی تازہ ترین کڑی ’’سوئے لینٹ بار‘‘ ہے جو کسی چاکلیٹ کی طرح دکھائی دیتی ہے لیکن وہ اپنے آپ میں بھرپور ناشتہ ہے۔
سوئے لینٹ کی تمام مصنوعات میں فی خوراک 250 سے لے کر 500 کلو کیلوریز تک ہوتی ہیں جو تیز رفتار زندگی میں توانائی بہم پہنچانے کا آسان ذریعہ ہیں۔ اس میں غذائی اجزاء کو اس انداز سے متوازن کیا گیا ہے کہ پروٹین، چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس، تینوں کی موزوں ترین مقداریں اس میں شامل ہیں۔ اس کی پیکنگ بھی ماحول دوست ہے جو بہ آسانی گل سڑ کر ختم ہوجاتی ہے اور ماحول پر کسی بھی طرح کے مضر اثرات بھی مرتب نہیں کرتی۔
ڈاکٹر راب نے ایک سوئے لینٹ بار کی قیمت کم از کم 1.75 یعنی 180 روپے جب کہ کافیسٹ کی ایک بوتل کےلئے 3.09 ڈالر یعنی 315 روپے رکھی ہے اور اسے پیکیج ہی کی صورت میں سوئے لینٹ کی ویب سائٹ سے ہی خریدا جاسکتا ہے۔