ایمز ٹی وی (صحت) تمباکو نوشی ایک ایسی لت ہے جسے چھوڑنا بہت مشکل ہے۔ لیکن ایک چیز ایسی ہے جو چین اسموکر کو بھی سگریٹ چھوڑنے پر مجبور کرسکتی ہے اور وہ سگریٹ چھوڑنے کے عوض معاوضہ ہے سوئٹزر لینڈ کے ایک تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ایک سروے منعقد کیا گیا جس میں جائزہ لیا گیا کہ وہ کون سی ترغیبات ہیں جو سگریٹ نوشی کے عادی افراد کو اس لت کو چھوڑنے پر مجبور کرسکتی ہیں۔ سروے میں رشتوں، سماجی تعلقات اور کیریئر کی بہتری اور سگریٹ نوشی کے تعلق سے متعلق سوالات کیے گئے۔
ماہرین نے دیکھا کہ وہ افراد جو مالی طور پر کمزور تھے جب انہیں سگریٹ چھوڑنے کے عوض پیسہ دینے کی پیشکش کی گئی تو وہ بخوشی سگریٹ چھوڑنے پر راضی ہوگئے۔ یہی نہیں انہوں نے اس کے لیے کوشش بھی کی اور مقررہ مدت میں وہ اپنی اس لت کو جزوی یا مکمل طور پر ختم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان افراد کو سگریٹ نوشی کے کیریئر، صحت اور سماجی تعلقات پر منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس پر ان افراد نے سگریٹ چھوڑنے کا عزم ضرور کیا لیکن وہ عملی طور پر اس میں ناکام رہے۔
اس کے برعکس معاوضہ کی پیشکش کو انہوں نے سنجیدگی سے لیا اور دن بھر میں سگریٹ پینے کی تعداد کم کردی۔ واضح رہے کہ تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہر سال 60 لاکھ افراد کی جانیں لے لیتی ہے۔ عالمی ماہرین صحت کے مطابق تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کے بعد اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے۔