ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی فون 7 کی فروخت رواں ماہ سے شروع ہوگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی لوگوں کی جانب سے ایک شکایت بھی سامنے آنے لگی ہے۔ جی ہاں آئی فون کا نیا حساس ہوم بٹن جو کلک کی بجائے دبانے کی وائبریشن پر کام کرتا ہے، میں صارفین کو مسائل کا سامنا ہے۔ ہوم بٹن کا نیا ڈیزائن فون کو پانی میں تحفظ فراہم کرتا ہے تاہم اگر ہاتھ میں دستانے ہوں تو یہ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ دستانے ہی نہیں ہاتھ اور انگوٹھے میں کوئی بھی چیز ہونے پر آئی فون 7 کا نیا ہوم بٹن بیکار ہوجاتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس نئے ہوم بٹن میں ایپل نے جو ٹیکنالوجی استعمال کی ہے وہ انسانی جلد لگنے پر ہی کام کرتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ جلد سے اس کے ٹچ ہونے پر آئی ڈی اسکینر حرکت میں آتا ہے۔ اس سے ہٹ کر کسی بھی قسم کا دباﺅ چاہے جتنا بھی زیادہ ہو، اس اسکینر کو متحرک نہیں کرتا۔ اور چونکہ آئی فون 7 میں آئی او ایس 10 آپریٹنگ سسٹم ہے لہذا فون کو اَن لاک کرنے کے لیے ہوم بٹن کو پریس کرنا ضروری ہوتا ہے، اس سے پہلے سوئیپ کرنے سے یہ کام ہوجاتا تھا۔ ہوم بٹن صرف فون کو اَن لاک کرنے کے لیے ہی نہیں بلکہ اس کے ذریعے ڈیجیٹل اسسٹنٹ سری تک رسائی، ملٹی ٹاسکنگ ایکٹیو کرنا اور بہت کچھ بھی کیا جاسکتا ہے۔