ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیناسونک نے جاپان میں جاری ’’سی ٹیک‘‘ نمائش میں دنیا کا پہلا شفاف ٹیلی ویژن پیش کردیا جس کے آر پار دکھائی دیتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فلیٹ اسکرین ٹیلی ویژن کی تیاری میں ’’آرگینک ایل ای ڈی‘‘ (OLED) کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی بدولت اسکرین کی ہر پکسل بذاتِ خود روشن ہوتی ہے۔ اس کے برعکس عام فلیٹ اسکرین ٹی وی میں ہر پکسل کے پیچھے ایک ننھی سی ایل ای ڈی موجود ہوتی ہے جو اسے روشن کرتی ہے۔
سوئچ آف ہونے پر یہ ٹیلی ویژن کسی شیشے کی طرح شفاف ہوتا ہے جس کے آر پار دکھائی دیتا ہے جب کہ آن کرنے پر یہ غیر شفاف ہوجاتا ہے جس پر مختلف مناظر دکھائی دینے لگتے ہیں۔ شفاف ہونے کے علاوہ یہ لچکدار بھی ہے یعنی اسے کسی الماری میں کثیر المقاصد شیشے کے طور پر لگایا بھی جاسکتا ہے جس سے جگہ کی بھی بچت ہوگی۔