ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) آپ کے اپنے بچپن ، لڑکپن اور جوانی کی تصاویر تو یقیناً پرانے طرز کے کیمرے سے لی گئی ہوں گی جن کے پرنٹ دھلوانے پڑتے تھے اور اس دور کی یادگار تصاویر اکثر البم میں سج کر گھر کے کسی محفوظ گوشے میں رکھ دی جاتی ہیں۔ اب اگر آپ اس دور کو آن لائن دنیا میں لانا چاہے تو اس کے لیے اسکینر کی ضرورت پڑتی ہے مگر یہ ڈیوائس بہت سست روی سے کام کرتی ہے اور کچھ درجن تصاویر کو اسکین کرنے کے لیے بہت زیادہ وقت درکار ہوتا ہے، تو اس کے لیے گوگل ہے نا۔ جی ہاں گوگل نے اپنی ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے پرنٹ فوٹوز (وہی پرانے کیمرے والی تصاویر) کو ڈیجیٹل ایچ ڈی فوٹوز میں بدلا جاسکتا ہے۔
منگل کی شب گوگل نے فوٹو اسکین نامی ایپ متعارف کرائی جو کہ کسی بھی تصویر کو چند سیکنڈوں میں اسکین کرتی ہے۔ یہ ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ (اینڈرائیڈ 5.0 یا اس سے اوپر) میں دستیاب ہے اور یہ واقعی انتہائی زبردست اور کارآمد ایپ ہے خاص طور پر اس کا کام ناقابل یقین لگتا ہے۔
ایپ کو استعمال کرنے کا طریقہ
جس تصویر کو اسکین کرنا چاہتے ہیں اس کے سامنے فون کو لائیں، اب وہ تصویر فریم میں ہو یا ایسے ہی سب کو اسکین کیا جاسکتا ہے۔ اس فوٹو کو ایپ کے فریم میں فٹ کریں اور شٹر بٹن کو کلک کریں۔ آپ کی تصویر پر 4 سفید نکتے نمودار ہوں گے، اپنے فون کو ان نکتوں کے گرد اس وقت تک گھمائیں جب تک وہ نیلے نہ ہوجائیں (ایسا کرنے سے تصویر دھندلی نہیں ہوتی)۔ یہ ایپ تصویر کو کراپ اور روٹیٹ کرسکتی ہے، جس کے بعد آپ اسے اپنے گوگل فوٹوز یا اپنے فون کی فوٹو لائبریری میں شامل کرسکتے ہیں۔