ایمز ٹی وی(صحت) اسٹاک ہوم یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ صدیوں سے کافی کے بارے میں شبہات پائے جاتے ہیں کہ صحت پر اس کا برا اثر پڑسکتا ہے ۔ 70ویں صدی کے آخر میں فرانسیسی ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کافی سے تھکن اور فالج کا امکان پیدا ہوجاتا ہے ۔
بیسویں صدی کے وسط میں بعض تحقیقی جائزوں میں بتایا گیا کہ کافی پینے سے لبلبے کے سرطان ، بلند فشار خون اور امرض قلب کا خطرہ ہوتا ہے ۔سویڈن کے ماہرین کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں چند پیالی کافی پی لینے سے شاید ہی دل کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سینکڑوں مرکبات ایسے ہیں جو جوش دیتے وقت کافی میں خاص مہک یا خوش بو اور ذائقہ پیدا کرتے ہیں لیکن ابھی تک تحقیق کاروں کی ساری توجہ کیفین پر مرکوز رہی ہے البتہ اب دیگر مرکبات کے اثرات کے بارے میں بھی جاننے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پابندی سے کافی نہیں پیتے تاہم ایک آدھ پیالی پی لینے سے فشار خون وقتی طور پر بڑھ جاتا ہے لیکن جو پابندی سے کافی پینے والے ہیں انہیں یہ شکایت نہیں ہوتی۔