ایمز ٹی وی(صحت) آج کل اسمارٹ فونز کا استعمال بہت عام ہے اور بیشتر نوجوان اس کے ساتھ ایئرفون کو بھی موسیقی یا آڈیو سننے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس وقت ہر 5 میں سے ایک نوجوان کو ان ایئر فونز کے استعمال کے باعث قوت سماعت سے محرومی کے خطرے کا سامنا ہے۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ آخر یہ عام نظر آنے والے ایئر فون سننے کی حس کے خاتمے کا سبب کیوں بنتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق جب ایئرفون لگائے جاتے ہیں تو یہ کان کے پردے کے کافی قریب ہوتے ہیں اور ان سے آواز کافی زیادہ دباﺅ سے پردے سے ٹکراتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس کے نتیجے میں سننے کی حِس دباؤ یا تناﺅ کا شکار ہوتی ہے اور اس کو نقصان پہنچنا شروع ہوجاتا ہے۔
یہ بھی سامنے آیا کہ اگر آواز کی رینج کو 3 سے 6 ڈیسی بل تک بڑھایا جائے تو آواز کی شدت کانوں میں دوگنا زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
محققین کا ماننا ہے کہ ایئرفونز کے استعمال کے نتیجے میں صرف ایک گھنٹے میں کان اپنی روزانہ کی آواز برداشت کرنے کی صلاحیت کا 60 فیصد حصہ استعمال کرلیتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اگر آپ بہت زیادہ اونچی آواز میں موسیقی سننے کے لیے ایئر فونز کا استمعال کرتے ہیں تو اس کی جگہ ہیڈفون کو ترجیح دیں کیونکہ یہ سماعت کو پہنچنے والے نقصان کو کم کردیتے ہیں۔