اتوار, 24 نومبر 2024


جانیے آپ کا آئی فون ہیک یا جیل بریک تو نہیں ہے

ایمز ٹی وی( ٹیکنالوجی) جرمنی کے آئی فون سیکیورٹی ماہرین نے ایسی ایپ تیار کی ہے جو آئی فون میں سیکیورٹی خطرات کی نشاندہی کر سکتی ہے اور اس کے ذریعے یہ بھی جانا جا سکتا ہے کہ ماضی میں کہیں ا?پ کا آئی فون ہیک یا جیل بریک تو نہیں ہوا۔

ایپل آئی فون کو دیگر اسمارٹ فونز کے مقابلے میں زیادہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ کبھی بھی ہیک نہیں ہو سکتا۔ پچھلے ہی دنوں آئی فون صارفین کو ایک جعلی پیغام کے ذریعے نشانہ بنا کر ان کا ذاتی ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ دراصل زیادہ تر صارفین آئی فون میں موجود سیکیورٹی سیٹنگز سے واقف ہی نہیں ہوتے اس لیے وہ انہیں صحیح طور پر استعمال نہیں کر پاتے جس کے نتیجے میں آئی فون ہیک کرنا ہیکرز کے لیے آسان ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے ہاں فون کو جیل بریک کرنے کا بھی عام رجحان پایا جاتا ہے۔

آئی فون کے جیل بریک ہو جانے کے بعد ایپل کی تصدیق شدہ ایپلی کیشنز کے علاوہ بھی جو چاہیں ایپلی کیشن انسٹال کی جا سکتی ہیں اس طرح غیرضروری اور ناقابل بھروسا ایپلی کیشنز انسٹال کرنے کا عمل بھی آئی فون کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اگر کسی کا آئی فون ہیک ہو جائے تو ضروری نہیں کہ اسے اسکرین پر اس کی کوئی اطلاع ملے گی بلکہ اکثر لوگوں کا فون ہیک ہو چکا ہوتا ہے اور انہیں اس بات کی خبر ہی نہیں ہوتی۔

جب آپ آئی فون خریدیں تو پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ جیل بریک تو نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کی بھی تصدیق ضروری ہے کہ آئی فون ماضی میں کبھی ہیک تو نہیں ہوا۔ عام صارفین کے لیے ان دونوں باتوں کو جانچنا آسان نہیں تھا لیکن اب یہ کام باآسانی ”سسٹم اینڈ سیکیورٹی انفو“ ایپلی کیشن کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

یہ ایپ آئی فون کی سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کرتی ہے جس میں نہ صرف فون میں دریافت ہونے والے سیکیورٹی خطرات کی نشاندہی کی جاتی ہے بلکہ آئی فون کی جیل بریک صورت حال کے بارے میں بھی واضح بتایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ آئی فون کو حالیہ ایس ایم ایس فراڈ کا نشانہ بنانے کے بعد ہی جرمنی سے تعلق رکھنے والے آئی فون سیکیورٹی ماہرین نے اس ایپلی کیشن کو پیش کیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment