ایمز ٹی وی(صحت)جدید تحقیق کے مطابق 9 منٹ کی ہلکی پھلکی ورزش کے ساتھ صرف ایک منٹ کی تیز دوڑ کے فوائد 50 منٹ کی معمول کے مطابق ورزش کے برابر ہیں۔ اس تحقیق کے شریک مصنف مارٹن گیبالا کا کہنا ہے کہ ورزش سے دور بھاگنے والے اکثر لوگ وقت کی قلت کا حوالہ دیتے ہیں، لیکن ہماری جدید تحقیق نے اس مسئلہ کو اب حل کر دیا ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق ورزش کے فوائد کسی طور بھی معمول کے مطابق ورزش سے کم نہیں ہیں، لیکن اس (جدید طریقہ ورزش) میں وقت کی بہت زیادہ بچت ہو سکتی ہے۔ انٹاریو (کینیڈا) کی ایک یونیورسٹی میں پروفیسر اِن کینسیولوجی مارٹن گیبالا کا مزید کہنا ہے کہ اس مطالعہ کے دوران ان کی ٹیم نے 25 ایسے افراد کو چنا، جو پہلے ورزش نہیں کرتے تھے، ان افراد کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ان سے معمول اور جدید تحقیق کے مطابق ہفتہ میں تین بار 12 ہفتوں تک ورزش کروائی گئی۔ ورزش کی نئی جہت کے لئے منتخب لوگ پہلے دو منٹ خون گرماتے، پھر 20 سکینڈ تیز دوڑنے کے بعد دو منٹ تک خود کو بحال کرتے، یوں دو سے تین بار یہی سرگرمی دہرائی جاتی، جبکہ دوسری طرف معمول کے مطابق ورزش کرنے والے افراد پہلے دو منٹ جسم کو گرمانے کے بعد 45 منٹ تک معتدل رفتار میں دوڑتے اور پھر تین منٹ تک جسم کو ٹھنڈا کرتے۔ 12 ہفتوں پر مشتمل پروگرام کے مکمل ہونے کے بعد جب ان دونوں گروپس کے مختلف ٹیسٹ کروائے گئے تو فٹنس کے اعتبار سے یہ دونوں برابر تھے۔ VO2 نامی ٹیسٹ کے ذریعے ان دونوں گروپس میں شامل افراد کے جسم کو آکسیجن کی فراہمی، انسولین کی حساسیت اور بائیوپسی (زندہ جسم سے الگ کی گئی بافت کا معائنہ) کے ذریعے پٹھوں کی فعالیت کا معائنہ کیا گیا تو یہ تمام چیزیں برابر پائی گئیں۔ ورزش کے حوالے سے یہ جدید تحقیق برطانوی جریدے ’’پلوس ون‘‘ میں شائع ہوئی ہے، جس پر کئی دیگر محققین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جدید تحقیق کے مطابق ورزش ہر فرد کے لئے مناسب نہیں، کیوں کہ اس کے لئے بہت زیادہ جسمانی تحریک کی ضرورت ہے۔ دوسرا جدید طریقہ ورزش میں طویل مدتی کے بجائے صرف قلیل مدتی فوائد کو مدنظر رکھا گیا ہے، لہذا جدید طریقہ ورزش کے لئے مزید مطالعہ کی ضرورت کو فی الحال پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔
وقت کی قلت کے باعث ورزش نہ کرنے کے بہانے اب نہیں
- 06/06/2016
- K2_CATEGORY صحت و ٹیکنالوجی
- 1455 K2_VIEWS
Leave a comment