پیر, 25 نومبر 2024


فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)مارک زکر برگ کے ہیک ہونے والے اکاؤنٹس میں انسٹاگرام، ٹوئٹر، لنکڈان اور پنٹریسٹ کے اکاؤنٹس شامل ہیں تاہم ان کا فیس بک اکاؤنٹ ہیکنگ سے محفوظ رہا۔ گزشتہ روزہیکرز نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرلی ہے اورثبوت کے طورپرانھوں نے زکربرگ کے پنٹریسٹ اکاؤنٹ پران کے نام کو اپنے ہیکنگ گروپ کے نام سے بدل دیا۔ مارک زکربرگ سماجی رابطوں کے لیے زیادہ تراپنا فیس بک اکاؤنٹ ہی استعمال کرتے ہیں اپنے ان دیگر اکاؤنٹس کو وہ بہت کم استعمال کرتے ہیں لیکن بہرحال یہ ان کے آفیشل اکاؤنٹ ہیں جہاں ان کے لاکھوں فالورز موجود ہیں۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ 2012 میں لنکڈان کے چوری ہونے والے ڈیٹا بیس میں مارک زکربرگ کا پاس ورڈ بھی موجود تھا جو کہ ہیکرزنے استعمال کرتے ہوئے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا۔ ہیکرز کے مطابق انھوں نے لنکڈان کے ڈیٹا بیس میں موجود مارک زبر برگ کا پاس ورڈ “dadada” کو استعمال کرتے ہوئے ان کے اکاؤنٹس ہیک کیے۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے نہ صرف ہیکرز کی ٹوئٹ کو ختم کیا بلکہ ہیکرز کا اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کردیا۔ حالیہ دنوں میں بھی لنکڈان کے 167 ملین صارفین کے پاس ورڈز چوری ہوئے ہیں لیکن چونکہ زیادہ ترصارفین اطلاع ملنے کے باوجود پاس ورڈ نہیں بدلتے اس لیے ان کے اکاؤنٹس ہیک ہوتے ہیں اور شاید یہی غلطی مارک زکربرگ سے بھی سرزد ہوئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment