ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)آن لائن کاروبار ایک ایسا جدید طریقۂ تجارت ہے جس میں صارف گھر بیٹھے اپنی من پسند چیز کو کچھ ہی دیر میں حاصل کرسکتا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں آن لائن خریداری کا رجحان زیادہ پرانا نہیں، لیکن مواصلاتی انفرا اسٹرکچر میں بہتری کے بعد آن لائن شاپنگ اسٹورز کی بھرمار نے پاکستانی صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔ کراچی جیسے شہر میں جہاں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے میں لمحہ بھی نہیں لگتا، یہ سہولت نعمت مترقبہ سے کم نہیں ہے۔ ویب سائیٹ یا اسمارٹ فون کی ایک ایپلی کیشن اشیائے خورونوش سے معروف برانڈ کے جوتوں اور کپڑوں تک کو چند ہی لمحوں میں آپ کی دسترس میں کردیتی ہے۔
پاکستان میں آن لائن شاپنگ کا آغاز انٹرنیٹ پر ٹی شرٹ، گھڑیوں، کتابوں اور چشموں کی فروخت سے ہوا۔ تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے بعد سے اس کاروبار کے حجم میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آٰیا ہے۔ اب پاکستان کے بڑے شہروں کے رہائشی گھر بیٹھے موبائل فونز، کمپیوٹر، جوتے کپڑے، ریفریجریٹر ایئرکنڈیشنر تک محض ایک کلک پر خرید سکتے ہیں۔
پاکستان میں آن لائن شاپنگ کے فروغ میں درپیش رکاوٹوں میں سے ایک رکاوٹ صارف سے رقم کی وصولی کا طریقۂ کار ہے۔ بڑی آن لائن شاپنگ ویب سائٹس نے کریڈٹ کارڈ ، کیش آن ڈیلیوری اور رقوم وصول کرنے کے لیے بہت سے طریقے متعارف کروا رکھے ہیں، تاہم نئے اور چھوٹے کاروباری افراد کو شاپنگ ویب پورٹل بنانے میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ ویب سائٹ پر خریدوفروخت کے لیے انٹرنیٹ مرچنٹ اکاؤنٹ کا ہونا ضروری ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 2002میں انٹرنیٹ مرچنٹ اکاؤنٹ کے قواعد وضوابط وضح کردیے تھے۔