پیر, 25 نومبر 2024


سام سنگ نے سب سے مضبوط فون متعارف کرا دیا

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)سام سنگ نے اپنا مضبوط ترین امیدوار گلیکسی ایس 7 ایکٹیو بلآخر میدان میں اتار ہی دیا۔ کافی عرصے سے اس فون کے دلچسپ فیچرز کے حوالے سے پیشگوئیاں جاری تھیں جن کی اب تصدیق ہو گئی ہے۔ سام سنگ کے مطابق یہ اسمارٹ فون 5 فٹ کی بلندی سے گرنے پر بھی ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہے گا۔ ٹوٹنے سے بچانے کے لیے اس فون کے گرد ربر کا کور استعمال کیا گیا ہے جب کہ اسے واٹر پروف بھی بنایا گیا ہے۔ گہرے پانی میں 30 منٹ تک رہنے کے باوجود بھی یہ فون خراب نہیں ہو گا۔

ماہرین کے مطابق اس فون کو بیچنے کے لیے اس کے 2 فیچرز ہی کافی ہیں تاہم سام سنگ نے اس فون کو ہارڈویئر کے حوالے سے بھی شاندار خصوصیات سے نوازہ ہے۔ گلیکسی ایس 7 ایکٹیو کی اسکرین 5.1 انچ پر مشتمل ہے، اس میں 4 جی بی ریم جب کہ 32 جی بی روم موجود ہے۔ گلیکسی ایس 7 میں موجود 3000 ایم اے ایچ کی بیٹری کے مقابلے میں گلیکسی ایس 7 ایکٹیو میں 4000 ایم اے ایچ کی شاندار بیٹری موجود ہے۔ اس میں سامنے کی جانب 12 میگا پکسلز جب کہ پیچھے کی جانب 5 میگا پکلسز کا کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔

آپریٹنگ سسٹم کے طور پر اس میں اینڈروئیڈ کا تازہ ترین ورژن 6.0.1 مارش میلو موجود ہے جب کہ اسے 750 ڈالر کی قیمت میں 10 جون کو فی الحال صرف امریکہ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment