پیر, 25 نومبر 2024


بنگلا دیش میں سانس کے ذریعے ملیریا کی آزمائشی تشخیص شروع

ایمز ٹی وی(صحت) بنگلا دیش کا شمار ملیریا کے شکار ممالک میں ہوتا ہے اور اس بیماری پر قابو پانے کے لیے اب وہاں آزمائشی طور پر ایک تشخیصی آلہ استعمال کیا جارہا ہے جو پہلے مرحلے میں ملیریا کی شناخت کرسکتا ہے۔ یہ آلہ آسٹریلیا کی کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن (سی ایس آئی آر او) اور بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے لیے 14 لاکھ ڈالر کی امداد دی گئی ہے جس کے تحت 18 ماہ تک مختلف علاقوں میں سانس کے ذریعے ملیریا کی تشخیص کے تجربات کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق بریتھلائزر کے ذریعے ملیریا کی بہت کم خرچ میں فوری طور پر معلوم کرنا آسان ہوجائے گا۔ بنگلا دیش نے اپنے ملک میں ملیریا کو ختم کرنے کے لیے 2020 تک کا ایک قومی منصوبہ بنایا ہے اس میں سانس کے ذریعے مرض معلوم کرنے والا نظام بھی اہمیت رکھتا ہے۔ سی ایس آئی آر او کے ماہرن کے مطابق آزمائش کے بعد کسی تکلیف کے بغیر ملیریا کا پتا لگانے والا کم خرچ اور سادہ ٹیسٹ تیار کیے جائیں گے، اس میں ملیریا کے شکار بنگلا دیشی افراد کی سانس کے نمونے امریکا اور آسٹریلیا بھیجیں جائیں گے جہاں ان کی مزید تشخیص کرکے اس آلے کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment