پیر, 25 نومبر 2024


ٹرمپ کا ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے لیے رضامندی کا اظہار

 
 
 
 
 
 
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بہتر حالات میں ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ملاقات کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا۔
 
تفصیلات کے مطابق فرانس میں جی سیون اجلاس کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل مکرون اور امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر حالات سازگار رہے تو حسن روحانی سے ملنے کے لیے تیار ہیں۔
 
انہوں نے ایران سے متعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پوری امید ہے ایران ایک عظیم ملک بن سکتا ہے لیکن جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
 
دریں اثنا فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے سربراہان کے درمیان جلد ملاقات کی امید ہے، تاہم کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی جاسکتی البتہ اس حوالے سے ماحول بنایا جارہا ہے۔
 
 
خیال رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی جی سیون اجلاس میں شرکت کی تھی، اس موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کی جی -7 سربراہی اجلاس میں آمد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی عزت بھی کرتے ہیں۔
 
امریکی صدر نے جی-7 سربراہی اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فرانس کے صدر نے ایرانی وزیرخارجہ کی آمد سے قبل ان سے اس اقدام کی منظوری لی تھی۔
 
قبل ازیں ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ملکی مفاد اور حالات کی بہتری کے لیے کسی سے بھی ملنے کے لیے تیار ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment