سری نگر : بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے کرفیو کے دوران سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن سے شدید زخمی کیا، اب تک پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے5 اگست کے بعد سے مظالم کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج درندگی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔
ایک ماہ کے دوران قابض فورسز نے سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، فائرنگ اور شیلنگ سے تین سو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اٹھائیس روز گزرنے کے باجود کرفیو نہیں ہٹایا جاسکا۔
فائرنگ، شیلنگ، پیلٹ گن کے استعمال اور گھروں پر چھاپوں سے متعدد گھر تباہ ہوگئے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
وادی میں مسلسل کرفیو کو ایک ماہ ہونے والا ہے۔ اسکول اور تجارتی مراکز بند ہیں، جس کے باعث کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوچکا ہے۔ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، کرفیو کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اگست میں سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرامن احتجاج کرنے والوں کو فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین سو چھیاسٹھ کشمیری زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ایک ماہ کے دوران حریت قیادت سمیت پانچ ہزارسے زائد افراد کو گرفتار کیا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتےہوئے بھارتی فوج نے چودہ خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا اور اکتیس مکانات مسمار کردئیے