پیر, 25 نومبر 2024


پاکستانی رانیہ حسین بکنگھم پیلس میں مدعو

'رائل کامن ویلتھ سوسائٹی' کی سرپرست ملکہ برطانیہ کوئن ایلزبتھ کی جانب سے'کامن ویلتھ مقابلہ مضمون نویسی 'جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ دیا گیا اس تقریب کی میزبانی شہزادی کمیلا پارکر نےکی جنھوں نے سینیئر فاتح کا اعزاز جیتنے والی پاکستانی طالبہ رانیہ حسین کو بکنگھم پیلس میں بدھ کے روز ایوارڈ سے نوازا ۔

دولت مشترکہ کے سالانہ مقابلہ مضمون نگاری سال 2014ء کی' سینیئر زمرے کی فاتح 'رانیہ حسین کو گذشتہ ہفتے ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کی ایک ہفتہ جاری رہنے والی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے خصوصی طور پر برطانیہ مدعو کیا گیا ہے۔

کامن ویلتھ سوسائٹی کے مطابق، ایوارڈ کی تقریب کا اہتمام بکنگھم پیلس کے تھرون روم میں کیا گیا جہاں ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر نے مقابلہ جیتنے والے طالب علموں کو خوش آمدید کہا اور انعام جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

دنیا کے قدیم اور وسیع پیمانے پر منعقد کیےجانے والے عالمی مقابلہ مضمون نگاری کے لیے رواں برس دولت مشترکہ کے 44 ملکوں کے 400 اسکولوں کے لگ بھگ 10,000 طالب علموں کی جانب سےمضامین موصول ہوئے جن میں سے لاہور کی طالبہ رانیہ حسین کو پاکستان کے کردار کے بارے میں ایک  متاثر کن تحریر پیش کرنے پر ججوں کے پینل نے 'سینیئر زمرے' کا فاتح منتخب کیا ۔

رانیہ کے مطابق "یہ میرے وطن پاکستان کی حقیقی تصویر ہے، کہانی کے مرکزی کردار بزرگ پھل فروش سے لے کر اس سے جڑے سبھی کردار میرے وطن کی سچی ترجمانی کرتے ہیں۔"

اس موقع پر ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر نے سینیئر فاتح رانیہ حسین اور جونیئر فاتح برطانوی طالب علم  دس سالہ میکس ڈی سمیت  'جونیئر زمرے' کے رنر اپ  لیاہ  (کینیڈا ) اور سینیئر رنر اپ سلینا (سنگا پور) میں سرٹیفیکٹ تقسیم کیا اور انعام کے طور پر کامن ویلتھ کا یادگاری قلم بھی پیش کیا ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment