ایمزٹی وی(کوئٹہ) احتساب عدالت نے بلوچستان میگا کرپشن میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میگا کرپشن میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کرنا باقی ہے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کو 14، 14 ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت نے مشتاق رئیسانی کو پانچویں بار اور ندیم اقبال کو چوتھی بار ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔ سماعت کے دوران مشتاق رئیسانی کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت عید کے دوران ان کے موکل کی اہلخانہ سے ملاقات اور کھانا فراہم کرنے کی اجازت دے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ مشتاق رئیسانی کی قانون کے مطابق اہلخانہ سے ملاقات کرائی جائے جب کہ احتساب عدالت نے ندیم اقبال کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ واضح رہے کہ سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے نوٹوں کا خزانہ ملنے کے بعد نیب نے ان سمیت مشیر خزانہ میر خالد لانگو اور میونسپل کمیٹی خالق آباد کے اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو حراست میں لے لیا تھا۔