ایمزٹی وی(اسلام آباد) سابق صدرآصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنی فوج کے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹرجان مکین نے سابق صدرآصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا اوردوطرفہ بین الاقوامی امن اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر امریکی سینیٹر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں پر پاک فوج اور پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکا مذاکرات کے ذریعے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل چاہتا ہے لیکن بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد جنت نظیر وادی میں جاری اپنی فوج کے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا ہے جب کہ مسئلہ کے حل کے لئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا شکارہے اور اس نے کبھی بھی دہشت گردوں کی حمایت نہیں کی، پیپلزپارٹی سمیت پوری قوم انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تمام صورتوں کی مذمت کرتی ہے۔