ایمزٹی وی (راولپنڈی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کی مار پیٹ کے الزام میں پارٹی کی احتساب اور ڈسپلن کمیٹی کی جانب سے کلیئر قرار دیئے جانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر صداقت عباسی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا گیا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی جنرل سیکریٹری حنا منظور نے بھی شمالی پنجاب اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے معطل کیے گئے صدور کی جگہ سینیئر نائب صدور کے تقرری پر پارٹی کی جانب سے ناراضگی کا سامنا کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ منگل کو تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے غلام سرور خان کو شمالی پنجاب کا صدر جبکہ زاہد کاظمی کو سیکریٹری جنرل کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کو 10 نومبر کو اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کے ساتھ ہونے والے واقعے سے بری قرار دیئے جانے کے باوجود عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان، احمد نیازی کے واقعے میں پارٹی افسران کی شمولیت کے حوالے سے ناراض تھے اور انھوں نے سیکریٹری جنرل کو حکم دیا تھا کہ وہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ اور شمالی پنجاب میں پارٹی قیادت کو تبدیل کریں۔ انکا کہنا تھا کہ حنا منظورجنھوں نے 2013 میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے عام انتخاب لڑا تھا، پارٹی کی جانب سے 10 افسران معطل کیے جانے کے فیصلے پر خوش نہیں تھیں، جس کے بعد انھوں نے نائب صدور کو صدور کی حیثیت سے کام کرنے کا کہا تھا۔ تاہم حنا منظور کے اس فیصلے کے بعد انھیں بھی استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا، جس کے بعد 30 نومبر کو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہد ذوالفقار کی قیادت میں احتساب اور ڈسپلن کمیٹی نے سیکیورٹی کے ناکافی انتظامات کو احمد نیازی کے ساتھ ہونے والے واقعے کا ذمہ دار ٹہرایا تھا اور تحریک انصاف کے تفتیش کاروں نے 10 نومبر کو اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کی مار پیٹ کے واقعے سے چار مقامی رہنماؤں صداقت عباسی، عارف عباسی، راشد حفیظ اور عمر بٹ کو بری قرار دیتے ہوئے ان کی معطلی کے احکا مات کو خارج کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم کمیٹی نے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے واسق عباسی، شیخ فہد اور راجا امجد کو قصوروار ٹہراتے ہوئے انکی ممبر شپ معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سابق صدر صداقت عباسی نے بتایا کہ انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور 'اب میں ایک پارٹی ورکر کے طور پر کام کروں گا'۔ جب پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر عامر کیانی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ پارٹی نے شمالی پنجاب کے نئے صدر اور جنرل سیکریٹری کا انتخاب کرلیا ہے ۔
Leave a comment