اتوار, 24 نومبر 2024


سی ڈی اے مزدور یونین دو کروڑ سے زیادہ رقم بیوگان اور یتیم بچوں میں تقسیم کر چکی ہے۔چوہدری یاسین

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) پاکستان کے مزدوروں کی واحد تنظیم ہے جس نے دوران سروس فوت ہونے والے ملازمین کے لیے بیوہ فنڈ قائم کیا اور الحمد اللہ دو کروڑ سے زیادہ رقم بیوگان اور یتیم بچوں میں تقسیم کر چکی ہے جس سے سینکڑوں یتیم بچے اور بچیاں مہنگائی کے اس دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔.ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے سٹی سیوریج ڈویژن کے دوران سروس فوت ہونے والے ملازم سلامت مسیح (مرحوم ) کی بیوہ کو مبلغ اڑھائی لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے سرکاری ملازمین کے جس نئے پیکیج کا اعلان کیا ہے اس سے متاثرہ خاندانوں کو کافی حد تک مالی مد د ملے گی اور وہ معاشی طور پر مستحکم ہونگے اور ایسی مزدور دوست پالیسیوں اور فیصلوں سے یقینا مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کم ہو گی اور حکومت کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہو گا۔انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے ،ممبر ایڈمن سے اپیل کی کہ وہ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ جلد از جلد اس پورے عمل کو مکمل کیا جا سکے اس کے علاوہ سی بی اے کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کے مطالبات پر فوری طور پر عمل درآمد کرایا جائے تاکہ انتظامیہ اور مزدوروں کے درمیان امن اور محبت کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے ۔انھوں نے سی ڈی اے ملازمین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق دارلحکومت کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنے فرائض کو مکمل دیانتداری اور احسن طریقے سے سر انجام دیں تاکہ ادارہ مزید ترقی کر سکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment