اتوار, 24 نومبر 2024


مسلم لیگ ن نے 20 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان میں تین مارچ کو ہونے والے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز نے پارٹی کے 20 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔سرکاری ریڈیو کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بدھ کو مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی بورڈ کے ساتھ مشاورت کے بعد ان امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی۔صوبہ پنجاب سے ٹیکنوکریٹوں کی نشستوں کے لیے راجہ ظفر الحق اور پروفیسر ساجد میر کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں عام نشستوں کے لیے وفاقی وزیرِ اطلاعات و قانونی امور پرویز رشید، مشاہد اللہ خان، نہال ہاشمی، چوہدری تنویر، ڈاکٹر آصف کرمانی، عبدالقیوم اور ڈاکٹر غوث نیازی کا انتخاب کیا گیا ہے۔پنجاب سے ہی خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے کرن ڈار اور نجمہ حمید کو ٹکٹ ملا ہے۔مسلم لیگ ن نے صوبہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے لیے جنرل (ریٹائرڈ) صلاح الدین ترمذی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔اسی طرح صوبہ سندھ میں سینیٹ کی عام نشست کے لیے سید ظفر علی شاہ کو میدان میں اتارا گیا ہے۔صوبہ بلوچستان سے سردار یعقوب خان ناصر، عامر افضل خان مندوخیل اور میر نعمت اللہ زہری سینیٹ الیکشن میں عام نشستوں کے حصول کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment