ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ نواز نے حسین حقانی کے بیان پر سابق صدر آصف زردای ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور حسین حقانی کے خلاف کورٹ مارشل کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نواز کے رہنما ظفر علی شاہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ حسین حقانی کو بیرون ملک سے واپس لانے کا حکم دیا جائے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ،سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی اور حسین حقانی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے ۔ حسین حقانی نے ایبٹ آباد آپریشن میں سہولت کار کے کردار کا اعتراف کیا ۔
درخواست میں وفاق ، وزار ت دفاع ،وزارت خارجہ ، سیکرٹری داخلہ اور حسین حقانی کو فریق بنایا گیا ہے۔ واقعے پر کورٹ مارشل کے تحت مقدمہ چلانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور اس درخواست کو سماعت کیلئے لارجر بینچ کے سامنے رکھا جائے ۔