ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 201 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ جس میں قومی سلامتی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال زیرغور آئی اور آپریشن رد الفساد میں پیشرفت اور خانہ ومردم شماری میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ کورکمانڈرز کانفرنس کو بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ نے آپریشن رد الفساد اور خانہ مردم شماری میں سیکیورٹی اداروں کےکردارکوسراہا اور کامیاب آپریشنز پر فارمیشنز، خفیہ ایجنسیوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائےگا۔