ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری ہاؤس روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ نواز شریف وزیراعظم ہاؤس کےعملے سے ملے اور الوداعی مصافحہ کیا۔ ان کا سامان دو روز پہلے ہی منتقل کردیا گیا تھا۔
اب نئے وزیراعظم کے لیے وزیراعظم ہاؤس کو آراستہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے شاہد خاقان عباسی کو 45 روز کے لیے عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ منگل کی شام تک نئے وزیراعظم کا انتخاب ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا جس کے نتیجے میں ان کی وزارت عظمیٰ ختم اور کابینہ تحلیل ہوگئی۔