ایمزٹی وی(روالپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کینٹ میں آرمی پبلک اسکول و کالج کا افتتاح کیا ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ میں اسکول اور کالج کے قیام پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی پبلک اسکول پاک فوج کی جانب سے سوات کے عوام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا تحفہ ہے۔ سوات میں آرمی پبلک اسکول کا کیمپس جدید ترین سہولیات سے مزین ہے جس میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم بھی شامل ہے۔
دوسری جانب آرمی چیف نے مہمند ایجنسی میں غلنئی تا مہمند گٹ سڑک کا افتتاح کردیا، ترجمان پاک فوج کے مطابق 41 کلومیٹر طویل سڑک کے 14 کلومیٹر پر مشتمل فیز ون کا افتتاح کیا گیا ہے، منصوبے میں مہمند ایجنسی میں 751 میٹر طویل ناہاکی ٹنل بھی شامل ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے ایف ڈبلیواو کے تعمیراتی کام کو سراہا جب کہ قبائلی عمائدین نے سیکیورٹی اورترقیاتی منصوبوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے فوج کی حمایت پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے ترقیاتی منصوبے نہایت اہم ہیں جب کہ ناوا پاس کے ذریعے غلنئی تا مہمند گٹ سڑک افغانستان کے ساتھ اہم تجارتی روٹ ثابت ہوگی۔