ایمزٹی وی(کراچی)ایوان صدر میں ترجمان پاک بحریہ کے اعزاز مین ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقرریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کو ان کی طویل خدمات، غیرمعمولی قابل ستائش کارکردگی اور فرائض سے اعلی لگن کے اعتراف میں ملک کے سب سے بڑے عسکری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنی مثالی کارکردگی سے ماتحتوں میں ہمیشہ ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کرکے پاک بحریہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے1981میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انھوں نے ابتدائی تربیت رائل نیول کالج ڈارٹ متھ (Dartmouth) انگلینڈ سے حاصل کی۔ کمیشننگ کے موقع پر انھوں نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ ان کی کمانڈ تقرریوں میں جہازوں کی کمانڈ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کمانڈر 25thڈسٹرائر اسکواڈرن، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی،کمانڈرکوسٹ، کمانڈر لاجسٹکس اور کمانڈر پاکستان فلیٹ شامل ہیں۔ آپ ہیڈ کوارٹرز نیوسینٹ (HQ NAVCENT) بحرین میں کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس150کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف(پلانز)، چیف انسپکٹر (نیوی) ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) اور چیف آف اسٹاف شامل ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل آسٹریلین نیوی اسٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں۔
اس پروقار تقریب میں وفاقی وزیر جنرل (رٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ، وزیر اعظم کے مشیر ناصرجنجوعہ ، سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفر الحق ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف، مسلح افواج کے سینئر آفیسرز اور اعلیٰ حکومتی عہدے داران نے بھی شرکت کی۔