ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس کے دوران مفصل بریفنگ دی، سینیٹ ممبران سیکیورٹی صورت حال پر زیادہ باخبر تھے جب کہ سیکیورٹی صورتحال پر پاک فوج کے کردار کی تعریف کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ جب تک ہم ایک ہیں ہمیں دنیا کی کوئی بھی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کو لاحق تمام خطرات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ اراکین سینٹ سیکیورٹی صورت حال پرزیادہ باخبرتھے، تمام معزز سینیٹرزنے آرمی چیف کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ملکی سیکورٹی صورت حال پر ا فواج پاکستان کے کردار کو سراہا اورقربانیوں کو تسلیم کیا۔ اجلاس کے دوران کہا گیا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور پاکستان کو لاحق تمام خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈی جی ایم او نے سیکیورٹی سے متعلق اور دہشتگردی سے جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی پربھی تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سینیٹرز کی جانب سے بہت سے سوالات کیے گئے اور آرمی چیف نے بہت سے جوابات بھی دئیے۔
ارکان کی جانب سے تمام سوالات میرٹ پر کیے گئے،آرمی چیف نے ان سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ کچھ ارکان کے سوالات تھے جن کے جوابات دے کر آرمی چیف نے ان کے تمام تحفظات کو دور کردیا۔ آرمی چیف نے سینٹ اجلاس کے دوران ایک گھنٹہ بریفنگ دی جبکہ تین گھنٹے تک ممبران کے سوالات کے جوابات دئیے لیکن اس کے باوجود تمام اراکین سینٹ سوال نہیں کرسکے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے طویل انتظار کے لیے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تفصیلی پریس کانفرنس آئندہ تین سے چار روز کے دوران کریں گے۔