اتوار, 24 نومبر 2024


یہ وقت دشمن قوتوں سے خبردار رہنے کا ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ دشمن قوتیں غیریقینی صورتحال پیدا کرنےکی کوشش کر رہی ہیں، یہ وقت دشمن قوتوں سے خبردار رہنے کا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ان شاء اللہ دشمن قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا گھر ہے، مل کر رفتہ رفتہ مکمل امن لائیں گے، علاقے کو صاف کرنے کے چیلنجز کے ساتھ ہولڈ اینڈ بلڈ کا مرحلہ جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان کےمتاثرہ تاجروں کی مقامی سول وفوجی نمائندوں سے کل ملاقات ہوگی جس میں فاٹا سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں حقیقی مسائل اور ان کے حل پر غور ہو گا، قبائلیوں کی اقتصادی بحالی اولین ترجیح ہے، فاٹا کوقومی دھارے میں لانا قبائل کو بااختیار بنانے اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں کے نمائندہ وفد اور پولیٹکل انتظامیہ کے درمیان نیشنل پریس کلب میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں کے نمائندہ وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات کی اور مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر تاجروں نے اسلام آباد میں دھرنا ختم کردیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے تاجروں اور دکان داروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،مسئلے کو حل کرنے کے لیے شمالی وزیرستان میں بھی ملاقات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بریک تھرو تاجروں کے نمائندہ وفد کی ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات میں آیا، شمالی وزیرستان کے تاجروں اوردکانداروں نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے چار گھنٹے ملاقات کی جس میں یقین دھانی کرائی گئی کہ تاجروں اور دکانداروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اورمسئلے کو حل کرنے کیلئے شمالی وزیرستان میں بھی ملاقات ہوگی اور شمالی وزیرستان کے ان لوگوں کو زندگی کی بہترین سہولتیں میسر کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔
پولیٹیکل انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد شمالی وزیرستان کےتاجر رہ نما محمد شفیق نے مذاکرات کی کامیابی اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
مرکزی صدر انجمن تاجراں اسلام آباد اجمل بلوچ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے شمالی وزیرستان کے تاجروں کا کاروبار بحال ہونے کا یقین دلایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی طرف سے بھی یقینی طور پر یقین دھانی کرائی گئی ہے۔
نمائندہ وفد اور پولیٹکل انتظامیہ میں ہونے والے معاہدے کے تحت 22اپریل کو جی او سی شمالی وزیرستان اور پولیٹکل ایجنٹ کی ڈی جی آئی ایس پی آر کے روبرو ملاقات ہوگی اور ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو دکانداروں کے تمام نقصانات کا ازالہ کرے گی۔
معاہدے پر عمل درآمد کے ذمہ دار اسسٹنٹ پولیٹیکل آفیسر ہوں گے،معاہدے کے گارنٹر سینیٹر اورنگزیب اورکزئی اور تاجر رہنما اجمل بلوچ ہوں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment