پیر, 25 نومبر 2024


میں بےقصورہوں، فریال تالپور

 
 
 
اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے کہا سب جانتےہیں یہ سیاسی گرفتاریاں ہیں، اپنےآپ کواللہ کے حوالے کردیا ہے، مشرف کے وقت بھی یہ برداشت کیا ، میرے لئے یہ کوئی مسئلہ نہیں، میں بےقصورہوں۔
 
سابق صدر آصف علی زر داری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سب جانتے ہیں یہ سیاسی گرفتاریاں ہیں، اپنے آپ کواللہ کے حوالے کیا ہے،اللہ خیر کرے گا۔
 
صحافی نے سوال کیا عدالتوں سےاحتساب پر کوئی اعتراض تونہیں تو فریال تالپور کا کہنا تھا سیاسی کارکن ہوں،میں نےپہلےبھی یہ سب دیکھاہے، پہلےمیرےوالد،بھائی اورمیرےخاوندجیلوں میں تھے۔
 
فریال تالپور نے کہا میں نےسیاست کی ہے،مشرف کےوقت بھی یہ برداشت کیا ، میرےلئےیہ کوئی مسئلہ نہیں ہےمیں بےقصورہوں، مجھ پر صرف ڈیڑھ کروڑ کا الزام لگاگیا، اربوں روپے کہاں ہیں۔
 
صحافی نے سوال کیا آپ کےپروڈکشن آرڈرجلدجاری ہوں گے؟ تو پی پی رہنما نےجواب دیا جوقانون کا تقاضہ ہےاور میراحق ہے، میں اس کو استعمال کروں گی۔
 
خیال رہے آج جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے فریال تالپور کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
 
یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ روز رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
 
نیب نے فریال تالپور کو اپنے دفتر منتقل نہیں کیا اور انہیں اسلام آباد میں ہی واقع ان کی رہائش گاہ میں رکھا گیا ہے جسے نیب کی جانب سے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں قید رہیں گی، ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام رکھا گیا اور آئندہ بھی مکمل خیال رکھا جائے گا۔
 
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے دو روز قبل جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کی گرفتاری کے وارنٹ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔
 
واضح رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے رقم منتقلی کا الزام ہے، اس ضمن میں منی لانڈرنگ کیس احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment