اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ملک میں ماحول کی حفاظت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے
اسلام آباد میں ساتویں ایشین ریجنل کنزرویشن کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2013 میں خیبرپختونخوا (کے پی کے) میں بلین ٹری سونامی منصوبے میں ٹمبر مافیا سب سے زیادہ مشکلات کا باعث بنا اور محکمہ جنگلات کے 10 اہلکار قتل کردیے گئے جس پر پہلے ہم نے اس مافیا کو قابو کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور بھی آلودہ شہر بن چکا ہے جہاں 10 سال کے دوران 70 فیصد درخت کاٹ دیے گئے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں ماحول کی حفاظت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، پہلی بار کسی حکومت نے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے قدم اُٹھایا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ایک متنوع ملک ہے جس کے صحرا سے ہمالیہ کے جنگلات تک 12 ماحولیاتی زون ہیں جو دنیا میں نایاب ہیں تاہم آبادی میں اضافے اور ماضی میں ماحول کے تحفظ میں عدم دلچسپی کے باعث جنگلی حیات اورجنگلات تباہ ہورہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے 10 ارب پودے لگانے کا منصوبہ شروع کیا ہے، اس سال ہم ملک بھر میں شجرکاری کی بڑی مہم شروع کریں گے جس کے لیے پہلے سال میں نرسریوں اور بنیادی ڈھانچے سمیت ضروری منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اس حوالے سے بڑی مہم چلائیں گے اورماحولیاتی تحفظ کو نصاب کا حصہ بھی بنایا جائے گا