ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزارت داخلہ نے پاکستان میں کام کرنے والی تمام غیر ملکی این جی اوز کی دوبارہ رجسٹریشن کرنے کافیصلہ کرلیاہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی پالیسی کے مطابق تمام این جی اوز کو رجسٹریشن کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہوگی، سیکیورٹی کلیئرنس بھی نئی پالیسی میں لازمی قرار دی گئی ہے، رجسٹریشن کی درخواست ملنے کے بعد کلیئرنس کے سلسلے میں وزارت داخلہ خفیہ اداروں کو این جی اوزکی جانچ پڑتال کے لیے خط لکھے گی۔ خفیہ اداروں کی جانب سے مثبت رپورٹ آنے پر ہی درخواست کو مزید پروسیس کے لیے قبول کیا جائے گا بصورت دیگر درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ خفیہ اداروں کی طرف سے منفی رپورٹ موصول ہونے پر وزارت داخلہ درخواست مسترد کرنے کی وجوہ بتانے کی پابند نہیں ہوگی۔ نئی پالیسی کے مطابق رجسٹریشن کے بعد این جی اوز صرف انہی علاقوں میں کام کر سکیں گی جہاں پر کام کرنے کااجازت نامہ موجود ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے تمام این جی اوز کے لیے5 ہزار روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن بینک اکاؤنٹس کے ذریعے لازمی قرار دی گئی ہے اور تمام این جی اوز ضرورت پڑنے پر حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپنے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرانے کی پابند ہوں گی، رجسٹریشن آن لائن ہو گی، این جی اوز کی رجسٹریشن کانیا طریقہ کاراخبارات میں مشتہر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے اس پالیسی ڈرافٹ کو صوبوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا اور انھیں بھی اسی طرح پالیسی تیار کرنے کا کہا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے وزارت داخلہ نے چیئرمین نادرا کو این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن اور صوبوں کو بھی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، نادرا نے اس ضمن میں کام شروع کردیا ہے۔
Leave a comment