اتوار, 24 نومبر 2024


پاکستان اسٹیل ملز کو 6 ارب روپے کا نقصان

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اپوزیشن کی سخت تنقید کے بعد وفاقی حکومت نے گیس فراہمی کے لیئے پاکستان اسٹیل ملز کو ہرماہ پیشگی گیس بل ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ہرماہ 8 سے 10کروڑ روپے کا گیس بل ایڈوانس جمع کرایا جائے تو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ بل ادانہ کرنے کی صورت میں گیس بند کردی جائے گی۔ وزارت پیٹرولیم نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ بل کی ادائیگی پر گیس کی فراہمی بحال کردی جائے۔ نجکاری کمیشن نے نجکاری سے قبل پاکستان اسٹیل ملز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیل ملز گیس واجبات کی عدم ادائیگی پر10جون سے بند ہے جس سے اسکی پیداوار بھی مکمل طور پر بند ہوچکی ہے۔ گیس کی بندش سے پاکستان اسٹیل ملز کو یومیہ سات کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ گیس کی بندش کی وجہ سے پاکستان اسٹیل ملز کو اب تک 6 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ پاکستان اسٹیل ملزنے گیس بلوں کی مد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو 35 کروڑ روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے نجکاری کے لیے جان بوجھ کر پاکستان اسٹیل ملز کی گیس بندکررکھی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment