ایمزٹی وی (اسلام آباد) نندی پور پاور پراجیکٹ کا نیا سی ای او تعینات کردیا گیا ۔ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری سے شاہد ذوالفقار کو نندی پاور پراجیکٹ کا سی ای او تعینات کیا گیا ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے مجوزہ طریقہ کار کے تحت سی ای او کی تعیناتی کے لئے تین ناموں کی سفارش کی گئی تھی جن میں شاہد ذوالفقار، ضیاء عمران اور اسماعیل نقوی شامل تھے۔ بورڈ کی جانب سے وزیر اعظم کو بھیجی جانے والی سمری میں شاہد ذوالفقار کا نام سر فہرست تھا۔ وزیر اعظم نے شاہد ذوالفقار کے ہی نام کی منظوری دے دی۔ ترجمان کے مطابق شاہد ذوالفقار پاور سیکٹر میں پاکستان، سری لنکا اور مشرق وسطیٰ کی پاور کمپنیز میں 30 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ شاہد ذوالفقار 13 برسوں تک پاکستان کی دوسری بڑی پاور کمپنی کے سی ای او رہے جبکہ امریکی کمپنی میں 17 سال تک اعلیٰ عہدوں پر تعینات رہے۔ وزارت پانی و بجلی نے گزشتہ سال اس عہدے کے لئے اشتہار دیا تھا، سی ای او شاہد ذوالفقار کی مستقل تعیناتی کے بعد طارق بھٹی سے ایم ڈی کا عارضی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
Leave a comment