ایمز ٹی وی (اسلام آباد) بلوچستان سے ’را‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی حکام نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے بلوچستان سے ’را‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری سے متعلق تفصیل پیش کی گئی اور پاکستان میں بھارتی مداخلت پر سخت احتجاج کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو ایک مراسلہ بھی فراہم کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے ’را‘ کی پاکستان کے مختلف شہروں میں کارروائییوں کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھایا جائے گا، بھارت مستقبل میں اس قسم کی تخریبی کارروائیوں سے باز رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان سے ’را کے لئے جاسوسی کرنے والا بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر گرفتار ہوا تھا جس کے براہ راست کالعدم بی ایل اے سے رابطے تھے، اس سے قبل بھی متعدد بھارتی جاسوس کراچی اور بلوچستان کے مختلف شہروں سے گرفتار کئے جا چکے ہیں جو پاکستان مخالف سرگرمیوں میں شامل ہیں۔
Leave a comment