ایمزٹی وی (آزاد کشمیر)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں قانون کی حکمرانی اورانصاف کی بالادستی قائم کریں گے ،بے سہارا مظلوم عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف ملے گا ۔ میں نے عہد کیا ہے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا۔ ماضی کی نا انصافیوں کا ازالہ کرتے ہوئے گڈ گورننس قائم کر کے رہوں گا۔
مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی تحریک آزادی ، عوام کی ترقی ،خطے کی خوشحالی اور گڈ گورننس کو ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے کام شروع کر دیا ہے ،وکلاء کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ، خواتین اور بچوں پر بھارتی مظالم ،درندگی ، کرفیو ،ادویات اور اجناس کی قلت کے حوالہ سے اقوام عالم کی آگاہی کیلئے موثر کر دار ادا کرے ۔ وزیر اعظم یہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کرائسز مینجمنٹ آرگنائزیشن کی خواتین وکلاء کے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں اور بچوں پر مظالم کر کے بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے جو مہذب دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی دروازہ کھٹکھٹائے گی اور بھارت کو عالمی سطح پر ایکسپوز کرکے رہے گی تاکہ مہذب دنیا بھارت کا اصل روپ دیکھ سکے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں کرپٹ سسٹم کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کریں گے ۔ عوام کو گڈ گورننس فراہم کریں گے۔ کوئی بھی قانون سے کھیل نہیں سکے گا۔