ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) لاہور ہائی کورٹ بار کے اراکین کے اعزاز میں اپنی جانب سے دئیے گئے عشا ئیہ سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ دشمن ہماری سرحدوں کو غیر محفوظ بنا نا چاہتا ہے جبکہ کچھ لوگ پاناما لیکس کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہیں ۔ میڈیا کو اپنی ترجیحات کا تعین کرنا چا ہئے ۔ملکی سلامتی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ۔ کشمیری تھکنے والی قوم نہیں ۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر دہشتگردی کررہا ہے ۔ پاکستان اور کشمیر ایک ہیں کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ جنرل راحیل شریف پر سرینگر سے مظفرآباد تک کے کشمیریوں کو فخرہے ۔
جنرل راحیل شریف کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشتگردوں کی کمرٹوٹ گئی ہے ، آرمی چیف بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باتیں کرتے ر ہے اس پر ہمیں فخر ہے ،پاک فوج کشمیر یوں کی جان ومال اور عزت کی محافظ جبکہ ہندوستانی ناپاک افواج ان کی توہین کررہی ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے رسوا ہوکر نکلے گا پاکستانی وکلاء برادری کی کشمیرکاز کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں ۔ پاکستان میں بسنے والے لوگ پیدائشی پاکستانی جبکہ ہم اپنی مرضی اور منشاء کے مطابق پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں ۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جمہوری طور پر مستحکم پاکستان ناگزیر ہے ۔ملک انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عوامی رائے کو مقدم اور مقدس سمجھا جانا چا ہئے ۔ قانون سے کوئی بھی شخص بالاتر نہیں ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے وکلاء کے درمیان رابطے اشد ضروری ہیں ، حکومت آزاد کشمیر اس حوالہ سے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ صدر لاہور ہائی کورٹ بار نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان ایک کردار کا نام ہے انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی جس کی وجہ سے انہیں آج یہ مقام ملا ہے