ایمزٹی وی(لاہور) حکومت پنجاب نے جعل سازوں کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاری کرلی، گاڑیوں میں جعلی نمبر پلیٹس لگانے والے قید وجرمانے کا سامنا کریں گے۔
پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹ بنانے والوں کو دو سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی جائے گی۔
محکمہ تعلقات عامہ کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹس بنانے اورانہیں تقسیم کرنے کے کاروبار کی صوبے میں کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں حکومت آگاہی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ اس جرم میں ملوث افراد کو مجوزہ قانون کے تحت دو سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔